بلوچستان:کوئٹہ میں پولیس موبائل پر فائرنگ، افسر سمیت تین اہلکار ہلاک

کوئٹہ (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے نیو سریاب میں واقع مستونگ روڈ پر عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے ایک پولیس افسر سمیت تین اہلکار ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حملہ شیخ زید اسپتال کے قریب اس وقت ہوا جب نیو سریاب تھانے کی پولیس موبائل معمول کے گشت پر تھی۔ فائرنگ کے نتیجے میں سب انسپکٹر عبدالولی تنولی اور دو جوان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ڈرائیور سمیت دو اہلکار زخمی ہوئے۔

لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

تحقیقات کے مطابق حملہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار پانچ عسکریت پسندوں نے کیا۔ پہلے موٹر سائیکل پر سوار دو حملہ آوروں نے فائرنگ شروع کی، جس کے فوری بعد دوسری موٹر سائیکل پر تین مزید عسکریت پسند پہنچے۔ ان میں سے دو حملہ آور اتر کر ساتھیوں کے ساتھ مسلسل فائرنگ کرتے رہے، جبکہ ایک حملہ آور پیچھے موجود رہا۔

عسکریت پسندوں نے پولیس گاڑی کا دروازہ کھول کر اندر بھی فائرنگ کی۔

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں