ٹانک: دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کے اہلکار کو اغوا کر لیا

ٹانک (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع ٹانک میں شدت پسندوں نے سکیورٹی فورسز کے ایک اہلکار کو اغوا کر لیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ ٹانک کے علاقے کوٹ اعظم میں پیش آیا جہاں چھٹی پر گھر آئے اہلکار شہزاد کو کالعدم تنظیم کے شدت پسندوں نے اغوا کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اہلکار کو اغوا کرنے کے بعد شدت پسند علاقے سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

تاحال اغوا کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

سماجی کارکن کے گھر پر بم حملہ

دوسری جانب لکی مروت کے محلہ مچن میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے شدت پسندوں نے معروف سماجی کارکن امر روف امری کے گھر کو رات گئے بارودی مواد (آئی ای ڈی) سے نشانہ بنایا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس سے علاقہ لرز اٹھا اور قریبی گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔

پولیس کے مطابق خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، کیونکہ سماجی کارکن اور ان کے اہلِ خانہ پہلے ہی متعدد حملوں کے پیش نظر محفوظ مقام پر منتقل ہو چکے تھے۔ پولیس کے مطابق امر روف پر یہ پانچواں حملہ ہے۔

ان واقعات کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے دونوں اضلاع میں سکیورٹی مزید سخت کر دی ہے۔ حکام کے مطابق شدت پسندوں کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں