لوئر دیر میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن، ٹی ٹی پی کا شیڈو گورنر حافظ اللہ کوچوان ہلاک

واشنگٹن (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر کے علاقے تیمرگرہ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ایک اہم اور سرگرم کمانڈر حافظ اللہ عرف بابوجی عرف کوچوان کو ایک ساتھی سمیت ہلاک کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، ہلاک ہونے والا دہشت گرد ماضی میں ٹی ٹی پی مردان کا شیڈو گورنر رہا ہے اور تنظیم کے اندر ایک بااثر اور متحرک رکن کے طور پر جانا جاتا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مخصوص ہدف کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دونوں دہشت گرد مارے گئے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ہلاک ہونے والوں میں انتہائی مطلوب دہشت گرد حفیظ اللہ عرف کوچوان بھی شامل ہے، جس کے سر کی قیمت حکومت نے ایک کروڑ روپے مقرر کر رکھی تھی۔

ادھر کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے اپنے کمانڈر کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ قوم سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی معترف ہے اور قیام امن کے لیے پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں