خیبرپختونخوا: شانگلہ میں ڈی پی او کی گاڑی پر بم دھماکا، شیکولئی میں پولیس پوسٹ پر حملہ

سوات (ر ش) صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے شیکولئی میں پولیس کی چوکی پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے شدت پسندوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق نصف شب شدت پسندوں نے شیکولئی پولیس پوسٹ پر ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، جس پر شانگلہ پولیس نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کی۔ دونوں جانب سے کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس کے بعد شدت پسند فرار ہوگئے۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کے دوران علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا جس میں مختلف مقامات سے ان کی پسماندگی کے نشانات ملے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شانگلہ پولیس ہر ممکن خطرے سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے اور کسی بھی حملے کی صورت میں سیسہ پلائی دیوار بن کر جواب دیتی ہے۔

اس حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کر لی ہے۔

دوسری جانب انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے شدت پسندوں کا حملہ ناکام بنانے پر شانگلہ پولیس کے جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

اسی دوران ضلع شانگلہ کے علاقے شیکولئی میں سرچ آپریشن کے دوران ڈی پی او شاہ حسن کی گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکا ہوا۔ ڈیلی اردو کے مطابق خوش قسمتی سے ڈی پی او شاہ حسن اور دیگر پولیس افسران محفوظ رہے، تاہم پولیس موبائل اور ایک پرائیویٹ گاڑی کو نقصان پہنچا۔

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ سرچ آپریشن بدستور جاری ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں