لکی مروت میں پولیس اور امن کمیٹی کا مشترکہ آپریشن، 3 شدت پسند ہلاک

لکی مروت (نمائندہ ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس اور مقامی امن کمیٹی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں تین شدت پسند ہلاک کر دیے۔

پولیس ذرائع کے مطابق یہ جھڑپ پولیس سٹیشن تجوڑی اور برگئی کی حدود میں واقع خانخیل مندوزئی کے جنگلات میں اس وقت پیش آئی، جب تقریباً 25 شدت پسندوں پر مشتمل ایک گروہ ایک علاقے سے دوسرے مقام کی جانب منتقل ہو رہا تھا۔

اطلاع ملنے پر مقامی امن کمیٹی کے رضاکاروں اور پولیس اہلکاروں نے ان کا تعاقب کیا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین شدت پسند مارے گئے، جب کہ کئی دیگر زخمی ہو گئے، جنہیں ان کے ساتھی ساتھ لے جانے میں کامیاب ہو گئے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لکی مروت جواد اسحاق کی قیادت میں پولیس، سی ٹی ڈی اور کوئیک رسپانس فورس نے علاقے میں پہنچ کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں