صنعا (ڈیلی اردو) یمن کے دارالحکومت صنعا میں امریکی فضائی حملے کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہو گئے۔
حوثی اکثریتی تنظیم انصار اللہ کے مطابق امریکی جنگی طیاروں نے صنعا کے علاقے بنی مطر میں واقع ایک فیکٹری کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کئی افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جب کہ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق زخمیوں میں بعض کی حالت تشویش ناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز بھی امریکی طیاروں نے یمن کے شمالی صوبے صعدہ اور مغربی ساحلی شہر حدیدہ میں فضائی حملے کیے تھے۔
یمنی حکام اور مقامی ذرائع کے مطابق امریکی حملوں کا سلسلہ انصار اللہ کے زیرِ اثر علاقوں میں جاری ہے، جب کہ واشنگٹن کی جانب سے تاحال تازہ حملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔