بلوچستان: خاران میں لیویز تھانے پر بی ایل اے کا حملہ،مستونگ، کوئٹہ اور خضدار میں بھی حملے

کوئٹہ (نمائندگان ڈیلی اردو) بلوچستان کے ضلع خاران کے علاقے مسکن قلات میں واقع لیویز تھانے پر مسلح افراد نے حملہ کر کے وہاں موجود اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ان سے اسلحہ سمیت سرکاری سازوسامان چھین کر فرار ہو گئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور اہلکاروں سے متعدد ہتھیار اور دیگر سامان لے کر فرار ہوئے۔ واقعے کے بعد لیویز اور دیگر سکیورٹی اداروں نے علاقے میں تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

اس حملے کی ذمہ داری کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کر لی ہے۔ تنظیم کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ کارروائی کے دوران وہ تھانے سے دس عدد کلاشنکوف رائفلیں اور دیگر اسلحہ لے گئے۔

ادھر صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی پرتشدد واقعات پیش آئے:

مستونگ کے علاقے کلی سعادت میں نامعلوم افراد نے آغا ظاہر شاہ کی رہائش گاہ پر دستی بم حملہ کیا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

کوئٹہ میں تھانہ کیچی بیگ کے گیٹ پر دستی بم دھماکے کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔

خضدار کے علاقے کوشک پل پر قائم پاکستانی فورسز کی چوکی کو بھی نشانہ بنایا گیا، جہاں دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔ فوری طور پر جانی نقصان یا نقصان کی تفصیلات دستیاب نہیں ہو سکیں۔

سیکورٹی اداروں نے ان تمام واقعات کے بعد سیکیورٹی بڑھا دی ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں