لاہور (ش ح ط) صوبہ پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ شریف میں واقع سرحدی گاؤں بستی وجن میں کالعدم تنظیم کے شدت پسندوں نے حملہ کر کے دو افراد کو اغوا کر لیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ خیبر پختونخوا اور پنجاب کی سرحد کے قریب پیش آیا، جہاں شدت پسندوں نے نہ صرف دو مقامی افراد کو اغوا کیا بلکہ موقع پر موجود ایک بلڈوزر اور ایک ٹریکٹر کو بھی آگ لگا دی۔
تاحال مغویوں کا پتہ نہیں چل سکا اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ 8 اپریل کو بھی خیبر پختونخوا اور پنجاب کے سنگم پر واقع سرحدی گاؤں “گے” سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے شدت پسندوں نے تین سیکیورٹی اہلکاروں کو اغوا کر لیا تھا۔ مقامی ذرائع کے مطابق شدت پسندوں نے اہلکاروں کو تین دن بعد اس شرط پر رہا کیا کہ وہ دوبارہ فوجی خدمات انجام نہیں دیں گے۔
دونوں واقعات کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کر لی ہے۔