لاہور (نمائندہ ڈیلی اردو) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے صوبے بھر میں انٹیلی جنس اطلاعات پر مبنی 189 کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 10 خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، جن سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور ممنوعہ مواد برآمد ہوا ہے۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں تحریک طالبان پاکستان، ایرانی حمایت یافتہ زنیبیون بریگیڈ اور دیگر گروپوں سے ہے، جبکہ وہ صوبے کے مختلف شہروں میں اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ دہشت گرد سورج سنگھ اور بادل سنگھ کو راولپنڈی میں کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد سمیت گرفتار کیا گیا۔ دونوں کا تعلق ننکانہ صاحب سے ہے۔ دیگر دہشت گردوں کو لاہور، گوجرانوالہ، جہلم اور بہاولپور سے گرفتار کیا گیا۔
کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 2645 گرام دھماکہ خیز مواد، 16 ڈیٹونیٹرز، 37 فٹ سیفٹی فیوز وائر، کالعدم تنظیموں کا لٹریچر، موبائل فونز اور نقدی برآمد ہوئی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ رواں ہفتے کے دوران مقامی پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے تعاون سے 2053 کومبنگ آپریشن بھی کیے گئے جن میں 82 ہزار سے زائد افراد کی جانچ پڑتال کی گئی، 263 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا، اور 226 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی سی ٹی ڈی نے 73 انٹیلی جنس آپریشنز کے دوران 10 دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔
دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کے تناظر میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کنفلکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (PICSS) کے مطابق، گزشتہ ماہ ملک میں 79 دہشت گردانہ حملے رپورٹ ہوئے جن میں 55 شہری اور 47 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے، جبکہ 126 افراد زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں میں 156 دہشت گردوں کو ہلاک، 20 کو زخمی اور 66 کو گرفتار کیا۔