سعودی وزیر دفاع کی ایرانی سپریم لیڈر سے ملاقات، شاہ سلمان کا خصوصی پیغام پہنچایا

تہران + ریاض (ڈیلی اردو/رائٹرز) سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سے تہران میں ملاقات کی ہے اور انہیں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا خصوصی پیغام پہنچایا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز نے ایرانی سرکاری میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ سعودی وزیر دفاع جمعرات کے روز وفد کے ہمراہ ایران پہنچے جہاں انہوں نے اعلیٰ ایرانی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ تاہم شاہ سلمان کے پیغام کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔

یہ اہم سفارتی رابطہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان ایرانی جوہری پروگرام پر مذاکرات کا دوسرا دور روم میں جاری ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ملاقات میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا، “ہمارا یقین ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں۔”

سپریم لیڈر نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے تہران کی آمادگی کا بھی اظہار کیا، اور رکاوٹوں کو دور کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

یاد رہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان برسوں کی کشیدگی کے بعد 2023 میں چین کی ثالثی میں ایک معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت دونوں ممالک نے سفارتی تعلقات بحال کیے۔

سعودی عرب نے حالیہ دنوں میں جاری ایک سرکاری بیان میں ایران اور امریکا کے درمیان جوہری مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ علاقائی اور عالمی تنازعات کے پرامن حل کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل محمد باقری نے بھی سعودی وزیر دفاع سے ملاقات کے بعد کہا کہ بیجنگ معاہدے کے بعد دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعلقات میں بہتری آ رہی ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں