خیبر پختونخوا: کرم، ٹانک، مہمند، شمالی و جنوبی وزیرستان میں پرتشدد واقعات، ہلاکتیں

پشاور (ڈیلی اردو رپورٹ)پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں اور پرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری ہے۔ شمالی وزیرستان، ٹانک، کرم، جنوبی وزیرستان اور مہمند میں پیش آنے والے مختلف واقعات میں شدت پسندوں سمیت عام شہریوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

شمالی وزیرستان: انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن اور ڈرون حملہ

شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان بارڈر پر ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے چھ شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جس میں شدت پسندوں کا ایک اہم نیٹ ورک نشانہ بنایا گیا۔

اس کے علاوہ تحصیل میرعلی میں آریانہ مسجد کے قریب ایک خفیہ ٹھکانے پر کواڈ کاپٹر ڈرون حملہ کیا گیا، جس میں مزید پانچ شدت پسند مارے گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ مرکز شدت پسند تنظیم کے خوارج دھڑے سے منسلک تھا۔

ٹانک: ٹی ٹی پی کمانڈر عابد ہلاک

ضلع ٹانک میں ایک علیحدہ آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے وابستہ اہم کمانڈر عابد کو ہلاک کر دیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کمانڈر عابد ٹارگٹ کلنگ اور اغوا کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔

کرم: بارودی سرنگ کا دھماکہ، ایک شخص ہلاک

کرم کے سرحدی علاقے سرسرنگ میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں محمد امین نامی شخص ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق محمد امین کا پاؤں سڑک کنارے نصب بارودی مواد سے ٹکرا گیا، جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

جنوبی وزیرستان: دوتانی قبائل کا جرگہ اور ایک اور لاش برآمد

جنوبی وزیرستان میں حالیہ دہشتگرد حملوں کے بعد دوتانی قبیلے نے ایک بڑا قومی جرگہ طلب کیا، جس میں دہشتگردوں کے خلاف متحد ہونے اور مزاحمت کا اعلان کیا گیا۔ جرگے کے مطابق دوتانی قبیلے کو ٹارگٹ کرنے والے عناصر کے خلاف اجتماعی کارروائی کی جائے گی۔

یاد رہے کہ کچھ روز قبل دہشتگردوں نے دوتانی قبیلے سے تعلق رکھنے والے دو پولیس اہلکاروں، حمید شاہد اور اشرف، کو اغوا کر کے ہلاک کر دیا تھا۔

ادھر جنوبی وزیرستان کی تحصیل وانا سے دو روز قبل اغوا کیے گئے نوجوان میر سلام کی لاش آج صبح لنڈی ڈوگ کلی کے علاقے میں پھینکی گئی، جس کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔

مہمند: دو روز میں دوسرا دھماکہ

ضلع مہمند کی تحصیل پنڈیالی میں کرش پلانٹ کے قریب قولہ پولیس پوسٹ اور ایف سی جھنڈہ پوسٹ کے درمیان ایک آئی ای ڈی دھماکہ ہوا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ مقام گزشتہ روز بھی ایک دھماکے کی زد میں آیا تھا، جس میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں