اسلام آباد (نمائندہ ڈیلی اردو) اسلام آباد پولیس کے شعبہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد حماد حسن کو کیانی روڈ، بہارہ کہو سے گرفتار کر لیا گیا۔
سی ٹی ڈی کے سب انسپکٹر کی مدعیت میں درج مقدمے کے مطابق ملزم کے قبضے سے ڈیٹونیٹر، فیوز وائر اور بارودی مواد برآمد کیا گیا۔ ملزم نے حساس تنصیبات اور اہم شخصیات کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔
حکام کے مطابق ملزم نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا نام استعمال کرتے ہوئے فیصل مسجد، کنونشن سنٹر (اسلام آباد) اور مزار قائد (کراچی) کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر دہشتگرد پیغامات کے ساتھ اپلوڈ کی تھیں۔ ملزم کارروائی کے بعد روپوش ہو گیا تھا تاہم خفیہ اطلاع پر اسے گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملزم کے قبضے سے ویڈیو ریکارڈنگ کا سامان، لیپ ٹاپ اور موبائل فون بھی برآمد ہوا ہے۔ سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ حماد حسن دہشتگردوں کی ویڈیوز تیار کرکے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان، کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں کے لیے “خوارج” کی اصطلاح استعمال کرتا ہے۔