شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی خدشات پر کرفیو نافذ

میرانشاہ (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی ممکنہ نقل و حرکت کی اطلاعات کے بعد سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر انتظامیہ نے اتوار کے روز رزمک، میرم شاہ اور میرعلی کے مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ کر دیا۔

ضلعی حکام کے مطابق، کرفیو صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک نافذ رہے گا، جو میرم شاہ سے بنوں، کوٹ پل سے ڈنکین، اور میلوگئی پل تک کے علاقوں کو محیط ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے موصول ہونے والی خفیہ اطلاعات کی روشنی میں کیا گیا ہے اور یہ اقدام احتیاطی تدابیر کے طور پر اٹھایا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

حکام نے مقامی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور علاقے میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

سیکیورٹی ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں، تاہم دوسری جانب مقامی شہریوں نے کرفیو کے نفاذ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے باعث تجارتی سرگرمیاں معطل ہو چکی ہیں، جس سے روزمرہ زندگی متاثر ہوئی ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں