میرانشاہ (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ گڑیوم کے علاقے دکی ہندی میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی پوسٹ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دو سیکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے۔ حملہ آور فورسز کی چوکی پر اچانک فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی طبی مرکز منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب، دتہ خیل کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی ایک کامیاب کارروائی میں کمانڈر سمیت دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود، گرنیڈ اور افغان کرنسی برآمد ہوئی ہے۔ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید دہشت گردوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
دونوں واقعات کے بعد حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن تیز کر دیا ہے۔