لاہور میں تحریک لبیک کے رہنما حاجی نواز گڈو کی گاڑی پر فائرنگ، بیٹا ہلاک، 5 افراد زخمی

لاہور (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مذہبی انتہا پسند جماعت تحریک لبیک کے رہنما حاجی نواز کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں ان کا بیٹا ہلاک ہو گیا، جبکہ خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ سندر کے علاقے جلیانہ گاؤں میں پیش آیا، جہاں فائرنگ کے دوران حاجی نواز، ان کی اہلیہ، بیٹا، بھائی اور دو گن مین زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تاہم، زخمی ہونے والا 20 سالہ نوجوان ندیم جانبر نہ ہو سکا اور ہسپتال میں دم توڑ گیا، اس پر 4 گولیاں لگی تھیں۔

حاجی نواز کی سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ وہ پی پی 166 سے صوبائی اسمبلی کا الیکشن بھی لڑ چکے ہیں۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے فوری کارروائی کی ہدایت کی، جس کے نتیجے میں پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں طاہر عباس، علی مرتضیٰ اور محمد رستم حیات شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق گرفتاری کے بعد ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایس پی صدر ڈاکٹر غیور احمد نے جناح ہسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی، ساتھ ہی واقعے کے حوالے سے تفصیلات حاصل کیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں