بلوچستان: مستونگ میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر حملہ، دو لیویز اہلکار ہلاک

مستونگ (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے انسداد پولیو مہم کی سیکیورٹی پر مامور دو لیویز اہلکار ہلاک ہو گئے۔ واقعہ مستونگ کے علاقے کلی تیری میں اس وقت پیش آیا جب پولیو ٹیم معمول کے مطابق مہم میں مصروف تھی۔

اسسٹنٹ کمشنر مستونگ اکرم حریفال کے مطابق، فائرنگ کے نتیجے میں نیک محمد موقع پر ہلاک جبکہ مقصود احمد زخمی ہوا، جسے شدید حالت میں اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم وہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، لیویز اور دیگر سیکیورٹی ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ حملے کے بعد ضلع بھر میں انسداد پولیو مہم عارضی طور پر معطل کر دی گئی تھی، تاہم سیکیورٹی انتظامات سخت کیے جانے کے بعد مہم کو دوبارہ بحال کر دیا گیا۔

اس واقعے کے بعد نواب غوث بخش میموریل ہسپتال، سول ہسپتال مستونگ اور دیگر حساس مقامات پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ پولیو ٹیموں کی حفاظت کے لیے اضافی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ: “انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ اس قسم کے حملے حکومت کے پولیو کے خاتمے کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔”

وزیراعظم نے ہلاک ہونے والے لیویز اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ انسداد پولیو مہم میں بھرپور تعاون کریں اور بچوں کو حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں