لاہور (نمائندہ ڈیلی اردو) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی سرحدی پٹی پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان (TTP) کے دہشتگردوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔ آپریشن ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ شریف کے علاقے کوتانہ تل میں کیا گیا جہاں دہشتگردوں سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق، کارروائی میں پولیس، سی ٹی ڈی اور رینجرز کے اہلکار شریک تھے۔ دہشتگردوں کے قبضے سے راکٹ لانچرز، ہینڈ گرنیڈز اور بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ دہشتگرد علاقے میں تخریب کاری کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
زخمی اہلکار اور فرار دہشتگرد
کارروائی کے دوران ایلیٹ فورس کے اہلکار عدنان حبیب اور سی ٹی ڈی کے اہلکار غضنفر شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ کئی دہشتگرد زخمی حالت میں جھاڑیوں کا سہارا لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، ہلاک ہونے والے دونوں دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا، اور وہ سرحدی علاقوں میں سرگرم نیٹ ورک کا حصہ تھے۔
حکام نے بتایا کہ: “یہ کارروائی دہشتگردوں کی سرگرمیوں کو روکنے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کی گئی۔ فورسز کی بروقت کارروائی سے ایک بڑا حملہ ناکام بنایا گیا۔”
علاقے میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں، جبکہ مقامی افراد کو مشکوک سرگرمیوں سے متعلق فورسز کو آگاہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی، ترجمان نے دعوی کیا ہے کہ اہلکاروں سے اسلحہ چھین لیا گیا ہے۔