بلوچستان: قلات میں دھماکا، مولانا عبداللہ نیچاری سمیت 5 افراد ہلاک، 5 زخمی

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) بلوچستان کے ضلع قلات کے دیہی علاقے کپوتو میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے کے نتیجے میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا عبداللہ نیچاری سمیت پانچ افراد ہلاک اور پانچ شدید زخمی ہوگئے۔

لیویز ذرائع کے مطابق دھماکہ سڑک کنارے نصب آئی ای ڈی کا تھا، جس سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ دھماکے میں مولانا عبداللہ نیچاری سمیت 2 خواتین اور 2 بچے ہلاک ہو گئے، جبکہ پانچ افراد شدید زخمی ہوئے۔

ہلاک ہونے والوں کی لاشیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں اور زخمیوں کو کوئٹہ کے ہسپتال میں ریفر کر دیا گیا ہے۔

یہ واقعہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملوں میں اضافے کے تناظر میں سامنے آیا ہے، جہاں اس سے قبل حساس اداروں نے ضلع نوشکی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 4 خودکش جیکٹس برآمد کی تھیں۔

دھماکے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور پولیس و دیگر سیکیورٹی ادارے اس واقعے کی تفصیلات جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں