ڈی آئی خان (نمائندہ ڈیلی اردو) خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے شورکوٹ میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو مشتبہ حملہ آوروں کو گرفتار کر لیا گیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ شورکوٹ تھانے کی حدود میں موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔
پولیس نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کو قابو میں کر لیا جبکہ دونوں مبینہ حملہ آوروں کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کے مطابق زخمی مشتبہ افراد کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا، واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے۔
پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ ملزمان کے مقاصد اور ممکنہ روابط کا پتا چلایا جا سکے۔