کوئٹہ (ڈیلی اردو/بی بی سی) بلوچستان کے ضلع پشین میں سی ٹی ڈی نے ایک کارروائی کرتے ہوئے اس میں نو شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سرکاری حکام کے مطابق یہ افراد شدت پسند تھے جو کہ سی ٹی ڈی کے ساتھ مقابلے میں مارے گئے لیکن تاحال آزاد ذرائع سے ان افراد کے مقابلے میں مارے جانے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
میڈیا کو سرکاری حکام کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق یہ تمام افراد پشین میں بوستان کے قریب خانی بابا کے علاقے میں مارے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان کے ٹھکانے سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
ان تمام افراد کی لاشوں کو سول ہسپتال کوئٹہ کے مردہ خانے میں منتقل کیا گیا ہے تاحال ان افراد کی شناخت نہیں ہوئی ہے۔
دریں اثنا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خانی بابا پشین میں سی ٹی ڈی کی کارروائی پر اظہارِ اطمینان اظہار کیا کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ خفیہ معلومات پر مبنی آپریشن سے ایک بڑا سانحہ ہونے سے روکا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سرگرم رہیں گے اور امن دشمنوں کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔