پاک بھارت سرحد پر غیر معمولی نقل و حرکت، پاکستان ہائی الرٹ پر، جنگ کا خطرہ بڑھ گیا

لاہور (ڈیلی اردو رپورٹ) پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحد پر گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران غیر معمولی فوجی نقل و حرکت دیکھی گئی ہے، جس کے بعد پاکستان نے سیکیورٹی فورسز کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سرحد سے ملحقہ کچھ پاکستانی دیہات کے رہائشیوں نے بتایا ہے کہ پاکستانی فوجی دستے ان کے علاقوں میں داخل ہو چکے ہیں، جس سے مقامی آبادی میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ یہ کارروائیاں بظاہر کسی بڑی ممکنہ پیش رفت یا دفاعی حکمت عملی کا حصہ ہو سکتی ہیں۔

رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ آنے والے چند گھنٹوں یا دنوں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھلی جنگ کا خدشہ واضح طور پر موجود ہے۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں پہلگام حملے کے بعد دونوں ممالک کے بیانات میں سختی اور الزام تراشیوں کا تبادلہ دیکھنے میں آیا ہے، جبکہ بھارتی قیادت کی جانب سے آبی جارحیت کی دھمکیاں بھی فضا کو مزید کشیدہ کر چکی ہیں۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ صورتِ حال کو فوری طور پر سفارتی سطح پر نہ سنبھالا گیا تو خطے میں ایک بڑی جنگ چھڑ سکتی ہے، جس کے اثرات نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے جنوبی ایشیا کے لیے تباہ کن ہوں گے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں