راولپنڈی (ک م) خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 6 خوارج کو ہلاک اور 4 کو زخمی کر دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشن 23 اور 24 اپریل کی درمیانی شب انٹیلی جنس اطلاع پر کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور 6 خوارج مارے گئے۔ زخمی دہشت گردوں کی تلاش اور علاقے کی مکمل صفائی کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پرعزم ہیں اور ملک کی سلامتی کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 20 اور 21 اپریل کو بھی خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان اور ایک اور مقام پر دو علیحدہ کارروائیوں میں 6 خوارج کو ہلاک کیا گیا تھا، جن میں انتہائی مطلوب رنگ لیڈر ذبیح اللہ زکران بھی شامل تھا۔
پاکستان، کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں کو “خوارج” کے طور پر بیان کرتا ہے، جو کہ ریاستی بیانیے میں شدت پسندی اور بغاوت کی علامت سمجھی جاتی ہے۔