جذبہ خیرسگالی: پاکستان نے مزید 100 بھارتی ماہی گیر رہا کر دئیے

کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت مزید 100 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کردیا ہے۔

پاکستان کی طرف سے بھارتی قیدیوں کی رہائی کے دوسرے مرحلے میں مزید 100 ماہی گیروں کو آزادی مل گئی ہے۔ رہائی پانے والے بھارتی ماہی گیر پیر کو واہگہ بارڈر کے راستے اپنے وطن لوٹ جائیں گے۔

بھارتی ماہی گیروں کو کراچی سے ٹرین کے ذریعے لاہور ریلوے اسٹیشن اور یہاں سے بسوں کے ذریعے واہگہ بارڈر پہنچایا جارہا ہے، جہاں انہیں بھارتی سفارتخانے کی طرف سے عارضی سفری دستاویزات فراہم کی جائیں گی۔

دفترخارجہ نے رواں ماہ 360 بھارتی قیدیوں کو 4 مراحل میں رہا کرنے کا اعلان کیا تھا، رہائی پانے والے بھارتیوں میں 355 ماہی گیر اور 5 سویلین شہری شامل ہیں۔ 8 اپریل کو 100 بھارتی ماہی گیروں کی پہلی کھیپ کو رہا کیا گیا تھا۔ اب 22 اپریل کو مزید 100 ماہی گیر جبکہ 29 اپریل کو 55 ماہی گیر اور 5 سویلین رہا کیے جائیں گے۔

یکم جنوری 2019 میں پاکستان اور بھارت کے مابین قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا گیا تھا۔ جس کے مطابق پاکستان کی مختلف جیلوں میں 537 بھارتی شہری قید ہیں جن میں 54 سویلین جبکہ 483 ماہی گیر شامل ہیں جبکہ بھارتی جیلوں قید پاکستانی شہریوں کی تعداد 347 ہے جن میں 249 سویلین اور 98 ماہی گیرشامل ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں