اپوزیشن جماعتوں کی حکومت کیخلاف ملین مارچ کی تیاری شروع

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کیخلاف ملین مارچ کی تیاری شروع کردی، اپوزیشن جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی کے بعد ملین مارچ کا اعلان کردیا جائے گا،مولانا فضل الرحمان اپوزیشن کو متحد کرنے کیلئے متحرک ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آج مولانا فضل الرحمن سے ان کے گھر میں پیپلزپارٹی کے رہنماء نیئر بخاری نے ملاقات کی۔

جس میں انہون نے مولانا فضل الرحمن کی خیریت دریافت اور سیاسی صورتحال پر بات چیت کی۔ اسی طرح سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ(ن) کے رہنماء راجہ ظفر الحق نے جمیعت علماء اسلام قائد مولانا فضل الرحمان سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ترجمان جے یو آئی ایف کے مطابق راجہ ظفرالحق نے مولانا فضل الرحمان کی عیادت کی اور انکے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ملک کی موجودہ صورتحال اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔ دوسری جانب گزشتہ روزپیپلزپارٹی کے چیئرمین آصف زرداری سربراہ جمعیت علماء اسلام (ف) مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پہنچے، آصف زرداری نے مولانا فضل الرحمن کی خیریت دریافت کی، فضل الرحمن کچھ روز قبل ہسپتال سے ڈسچارج ہوکر گھر آئے ہیں۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں میں ون آن ملاقات ہوئی، جس میں سیاسی صورتحال اور سابق وزیراعظم نوازشریف سے مولانا فضل الرحمن کی ملاقات بارے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے اس سے قبل مولانا فضل الرحمن نے سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی تھی۔ جس میں حکومت کیخلاف ملین مارچ اور اپوزیشن اتحاد پر بات چیت کی گئی تھی۔مولانا فضل الرحمن کا نوازشریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اپوزیشن کے ملین مارچ کی تیاری ہوچکی، ملین مارچ کیلئے تمام جماعتوں کا ایک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہونا باقی ہے، جلد آصف زرداری سے بھی ملاقات کروں گا، نوازشریف کا موڈ اچھا تھا، ملاقات میں بات چیت پراطمینان ہے،عمران خان ہمارے نہیں اپنے خاتمے کا سوچیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ملک کی سیاسی صورتحال سنگین ہوگئی ہے، اپوزیشن کے ملین مارچ کی تیاری ہوگئی ہے، بس اپوزیشن جماعتوں کا ایک نکتے پر اکٹھا ہونا باقی ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں