کوئٹہ (ڈیلی اردو) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کوئٹہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہزار گنجی واقعہ پر انتہائی افسوس ہے اور میں وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے واقعہ کی تعزیت کرنے آیا ہوں۔ وزیر اعظم کا عزم ہے کہ بلوچستان کی محرومیاں دور ہوں۔
وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ ہزارہ برادری ہماری نیت پر شک نہ کرے اور کوئٹہ دھماکے کے ذمہ دار افراد چاہیں جتنے طاقتور ہوں انہیں سزا ملے گی۔
وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے کوئٹہ میں بم دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے ملاقات کی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مقتولین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ غلطی کرنے والے جتنا مرضی طاقتور ہو اسےسزاملےگی، کوئی شک نہیں کہ ہزارہ برادری پر ظلم ہوا ہے، ہزارہ برادری سے استدعا ہے کہ ہماری نیت پر شک نہ کریں، دہشتگردی میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ہر حد تک جائیں گے، بلوچستان کی محرومیوں کا خاتمہ وزیراعظم کا وژن ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ دشمن پاکستان کو بلیک لسٹ میں لانا چاہتے ہیں اور عدم استحکام کا شکار کرکے بکھیرنا چاہتے ہیں، لیکن ہم اتفاق اور یکجہتی سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والوں کو ناکام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن چاہتے ہیں پاکستان کو ایسے نقصان پہنچائیں کہ پاکستان بکھر جائے۔ اپنے عزم کی بدولت ملک پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ مختلف بنیادوں پر ہمیں لڑانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہم دشمن کی سازشوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ دشمن پاکستان کو ہر سطح پر نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔