کوئٹہ (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ امن کے قیام پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر کرنے کے لیے وفاق صوبائی حکومت کے ساتھ ہے، نیشنل ایکشن پلان پر مزید کام کیا جائے گا، کو وفاقی حکومت ہزارہ برادری کی ہر ممکن مدد کرے گی،ہم سب مسلمان ہیں ، ہمیں مل کر ایک دوسرے کے تحفظ کےلیے کام کرناچاہیے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ہزار گنجی خود کش حملے میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے کوئٹہ پہنچے گئے اور شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی مزاج پرسی کی، اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان جام کمال بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ہزار گنجی دھماکے کے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ امن کے قیام پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر کرنے کے لیے وفاق صوبائی حکومت کے ساتھ ہے، دوبارہ ایسا واقعہ نہ ہو اس کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر مزید کام کیا جائے گا۔ شہدا کے لواحقین کے لیے معاوضے کااعلان کیاگیاہے، انہوں نے کہا شہریوں کی حفاظت کی ذمے داری ریاست کی ہے۔ انہوں نے ہزارہ برادری کو یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت ان کی ہر ممکن مدد کرے گی۔
صدر مملکت نے کہا کہ شہدا کے لواحقین سے ہمدردی ہے، ملک کے لیے ہر فرقے کے لوگوں نے قربانیاں دی ہیں۔ہم سب مسلمان ہیں ، ہمیں مل کر ایک دوسرے کے تحفظ کےلیے کام کرناچاہیے، کوئٹہ سانحے پر مجھے ذاتی طور پر تکلیف پہنچی ہے کہ انسانی جانوں کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پیغام بھیجا کہ میں ہر صورت یہاں پہنچوں، وزیر اعظم خود بھی یہاں ضرور آئیں گے۔