اسلام آباد ( ڈیلی اردو) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لاپتہ افراد کے معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔ حکومت سنجیدہ ہے تو معاملے کو حل کرے۔ لاپتہ افراد کا معاملہ حل نہ ہوا تو اپوزیشن جماعتیں مل کر قانون سازی کریں گی۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس بلاول بھٹو کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں سانحہ کوئٹہ میں شہید ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت کی گئی جس کے بعد وزارت انسانی حقوق کی کارگردگی پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ زینب الرٹ اور ہندو کرسچن سکھ میرج بل تیار کیا گیا ہے۔ انسانی حقوق کی وزارت کے پاس نو بل ہیں۔ ویمن ایکٹ 2012ء میں ترمیم کا بل بھی کمیٹی میں پیش کیا گیا۔
اجلاس کے بعد چیئرمین کمیٹی بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معذور افراد کیلئے سندھ حکومت کی طرز پر وفاق میں قانون سازی پر معاونت کریں گے۔ وزارت انسانی حقوق کو کمیٹی کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کمیٹی نے کراچی میں پولیس مقابلے میں بچے کی ہلاکت کا نوٹس لیا ہے۔ پولیس مقابلے صرف سندھ نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہیں۔ تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو قانون کے تابع بنایا ہے۔