اسلام آباد (ڈیلی اردو) وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کے پی طرز کا پولیس نظام پنجاب میں لانے کا فیصلہ ہوا ہے، پنجاب پولیس میں اصلاحات لائی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت پنجاب پولیس اور ساہیوال واقعے پر اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں پنجاب پولیس میں اصلاحات لانے کا فیصلہ کیا گیا۔
ساہیوال واقعے کے ذمہ داروں کا چالان عدالت میں پیش کیے جائیں گے۔ اجلاس کے بعد وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب اور دیگر حکام شریک تھے۔
فواد چوہدری نے کہا ’وزیرِ اعظم کی ہدایت ہے کہ ساہیوال واقعے پر فوری انصاف ملنا چاہیے، واقعے کے ذمہ داروں کو عدالت میں پیش کیا جائے۔‘
وفاقی وزیر نے کہا کہ ساہیوال واقعے کے ذمہ داروں کا چالان عدالت میں پیش کیے جائیں گے، اجلاس میں پنجاب پولیس کے کلچر میں تبدیلی کے لیے تربیت کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے نئی میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کی بھی منظوری دے دی ہے، سیاحت کے لیے پاکستان کو دنیا بھر کے لیے اوپن کر رہے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہاؤسنگ کے لیے اضافی مالی بندوست کیا گیا ہے، اجلاس میں ورلڈ بینک سے ملنے والے 58 ملین ڈالر سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی گئی، غریب لوگوں کے گھروں کے لیے قرض حسنہ فنڈ مختص کیا گیا۔
انھوں نے بتایا کہ وزیرِ اعظم نے ایرا کے این ڈی ایم اے میں انضمام پر زور دیا ہے، پیمرا لاہور کے شکایات سیل میں تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی ہے۔