سری لنکا میں بدترین دہشتگردی، دھماکوں سے ہلاکتوں کی تعداد 207 ہوگئی

کولمبو (ڈیلی اردو) سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر 3 گرجا گھروں اور 3 ہوٹلوں میں دھماکوں سے 207 افراد ہلاک اور چار پاکستانیوں سمیت 560 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں اور مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

ایک چرچ کو سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو اور دوسرے کو کولمبو کے شمال میں نیگومبو کے علاقے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ گرجا گھروں میں دھماکوں کے وقت مسیحی برادری کے لوگ ایسٹر کی تقریبات منا رہے تھے۔

سری لنکن پولیس کے مطابق دارالحکومت کولمبو میں آٹھواں دھماکا اس وقت ہوا جب اہلکار ایک گھر میں تلاشی کے لیے داخل ہوئے تو خود کش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

پولیس کے مطابق خود کش دھماکے کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار بھی ہلاک ہوئے جبکہ دہشت گردی کے تمام واقعات میں ہلاک ہونے والوں میں امریکی اور برطانوی سمیت 35 غیر ملکی شامل ہیں جبکہ 4 پاکستانی بھی زخمی ہوئے۔

دھماکوں کے بعد ملک بھر میں کرفیو نافذ کردیا گیا جب کہ حکومت نے عارضی طور پر سوشل میڈیا کے استعمال پر بھی پابندی عائد کردی۔

سری لنکا پولیس کے مطابق دو خودکش حملے کئے گئے۔ جبکہ دفاعی نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ سری لنکا میں 9 دھماکے ہوئیں جن میں 2 سے 3 دھماکے خودکش ہو سکتے ہیں۔ تاہم مزید تفصیلات آنا باقی ہے۔

شنگریلہ، سینامن گرینڈ اور کنگز بری ہوٹل کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے تاہم کسی گروہ نے حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

حکومتی اور مصدقہ ذرائع سے دھماکوں کی تعداد اور جانی نقصان کی مکمل معلومات فی الحال جاری نہیں کی گئی

افسوسناک واقعے کے بعد سری لنکن وزیراعظم نے سیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے اور دو دن تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

سری لنکن میڈیا کے مطابق ابتک 207 افراد ہلاک جبکہ 560 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق تقریبا 200 سے افراد ہلاک اور 460 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ بی بی سی نے اپنی خبر میں 200 افراد ہلاک افراد زخمی اور ساڑھے چار سو سے زائد افراد زخمی ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

نیگومبو چرچ نے اپنے فیس بک پیج پر جو تصاویر شائع کی ہیں ان میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کچھ لوگ زخمی حالت میں زمین پر پڑے ہیں، کچھ لوگوں کے کپڑے خون آلود ہیں اور چرچ کی دیواروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ ایسٹر کے موقع پر سری لنکا میں خوفناک دہشت گرد حملے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے قیمتی جانوں کے ضیاع کی شدید ترین الفاظ میں مذمت اور سری لنکن بھائیوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، غم اور دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان سری لنکا کے ساتھ ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے سری لنکا میں ہونے والے دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے حکومت پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں سری لنکن حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایسٹر کے موقع پر سری لنکا میں گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں ہونے والے دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر خارجہ نے ان دھماکوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں