اراضی قبضہ کیس: ملک ریاض کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور

لاہور (ویب ڈیسک) لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت نے بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض کی درخواست ضمانت سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ان کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی۔

اینٹی کرپشن عدالت کے سینئر جج بہادر علی خان نے محکمہ اوقاف کی زمین پر ملک ریاض کے قبضے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت عدالت میں ملک ریاض اپنے وکیل زاہد بخاری اور ایڈووکیٹ اظہر صدیق کے ہمراہ پیش ہوئے۔

محکمہ اینٹی کرپشن کے وکیل نے موقف پیش کیا کہ بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض پر محکمہ اوقاف کی زمین پر غیر قانونی قبضہ کرنے کے حوالے سے مقدمہ درج ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک ریاض نے پنجاب کارپوریٹ بورڈ آف لیکویڈیشن (پی سی بی ایل) کی جگہ پر بحریہ ٹاؤن سوسائٹی بنائی۔

ملک ریاض کے وکیل زاہد بخاری کا کہنا تھا کہ پی سی بی ایلکی جگہ پر ملک ریاض نے کسی قسم کا قبضہ نہیں کیا، بلکہ یہ جگہ بھی ان کے نام ہے۔

محکمہ اینٹی کرپشن کے وکیل کا کہنا تھا کہ’46 کنال 14 مرلے بحریہ ٹاؤن کے اندر واقع ہے جو انہیں پتہ ہے، ملک ریاض نے 69 کنال اراضی سرکاری زمین پر ہاؤسنگ سوسائٹی بنائی ہے‘۔

عدالت نے دونوں وکلا کے دلائل سننے کے بعد ملک ریاض کی ضمانت پانچ لاکھ روپے مچلکے کے عوض منظور کرلی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں