ماسکو (ڈیلی اردو) روس کے دارلحکومت ماسکو میں امریکہ، چین اور روس کے درمیان دو روزہ سہ فریقی مذاکرات اختتام پذیر ہوئے۔
اجلاس کے آخر میں جاری مشترکہ اعلامیے میں تینوں ممالک نے افغانستان میں جنگ بندی کی حمایت کی اور افغان طالبان پر زور دیا کہ کابل انتظامیہ کے ساتھ فوری طور پر مذاکرات اور رابطوں کا آغاز کریں۔
مذاکرات میں افغانستان کیلئے روس کے خصوصی ایلچی ضمیر کابلوف، امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل اور چینی وزارت خارجہ کے اہلکار دین کشون نے شرکت کی۔
دو روزہ اجلاس میں افغانستان میں دیر پا امن کے قیام، استحکام اور خطے کی سلامتی اور استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ افغانستان کی آزادی اور خود مختاری کا احترام کرتے ہیں اور ریاست افغانستان اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرے گی۔
تینوں فریقوں نے افغانستان سے غیرملکی افواج کے انخلاء پر اتفاق کرتے ہوئے افغان طالبان پر زور دیا کہ کابل انتظامیہ اور منتخب افغان رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کا فوری آغاز کیا جائے۔
اعلامیہ میں طالبان سے انسداد منشیات کیلئے کوششوں کی استدعا بھی کی گئی جبکہ افغان حکومت کی غیرملکی شدت پسند گروہوں کیخلاف کوششوں کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔