پاکستان کا چین کے اشتراک سے کراچی تا پشاور ڈبل ٹریک ٹرین چلانے کا اعلان

بیجنگ (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان چین کے تعاون سے پشاور سے کراچی تک ڈبل ٹریک بنائے گا، نئے ٹریک پر ٹرین کی اسپیڈ کم از کم 160 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی۔

پاکستان اور چین کے درمیان ریلوے کے معاہدے ايم ایل ون پر دستخط کیے گئے ہیں۔ معاہدے پر دستخط پاکستان اور چین کے وزرائے اعظم نے کیے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفت گو میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ریلوے کی تاریخ کا آج بڑا دن ہے، پاکستان ملک بھر میں چین کے تعاون سے ریلوے کے محکمے میں انقلاب لائے گا، منصوبے پر 8.2 ارب ڈالرلاگت جب کہ یہ منصوبہ 5 سال میں مکمل ہوگا،ایم ایل ون کے قیام سے بلواستہ 24 ہزار نوکریاں اور بلا واسطہ 1 لاکھ 50 ہزار ملازمتیں پیدا ہوں گی۔

منصوبوں سے متعلق شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نئے منصوبے کے تحت پشاور سے کراچی تک ڈبل ٹریک بنایا جائے گا، نئے ٹریک پر ٹرین کی اسپیڈ کم از کم 160 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی، 13 سال قبل میں نے اس منصوبے کی فیزیبلیٹی پر دستخط کیے تھے۔

وفاقی وزیر ریلوے کا مزید کہنا تھا کہ تمام ریلوے کراسنگ کو اپ گریڈ، فلائی اوور اور انڈر پاس بنیں گے، منصوبے کے تحت حویلیاں کے قریب ڈرائی پورٹ بنائی جائے گی، 300 مسافر کوچز اور 2 ہزار فریٹ ویگن شامل کی جائیں گی، ٹرینوں کی رفتار 120 سے 160 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوجائے گی، جب کہ اہم بات یہ ہے کہ کراچی سے لاہور کا سفر18 گھنٹوں سے کم ہوکر10 گھنٹوں پر آجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور ملتان سفر 5 گھنٹوں سے کم ہو کر 3 گھنٹے رہ جائے گا، ایک سائیڈ پر چلنے والی ٹرینوں کی تعداد 34 سے171 ہو جائی گی، مال بردار گاڑیوں کی تعداد 6 سے 35 ملین ٹن سالانہ ہوجائے گی، کراچی سے روانہ ہونیوالی ٹرینیوں کی تعداد 20 سے40 ہوجائے گی، والٹن ٹریننگ اکیڈمی کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
.

اپنا تبصرہ بھیجیں