امریکا نے اعلیٰ سرکاری حکام سمیت پاکستانیوں کو ویزا جاری کرنے پر پابندی عائد کر دی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) امریکہ نے پاکستان کو اُن دس ممالک کی فہرست میں شامل کر دیا ہے جن پر امریکی ویزے جاری کرنے کی پابندی عائد کی گئی ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے پاکستان پر یہ پابندی امریکہ سے دی پورٹ ہونے والے یا ویزا کی مدت ختم ہونے کے باوجود امریکہ میں رکنے والے پاکستانیوں کو واپس لینے سے انکار پر لگائی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے جمعہ کے روز تصدیق کی کہ اس پابندی کے باوجود اسلام آباد میں موجود امریکی سفارتخانے کا قونصلر سیکشن فی الحال کام کرتا رہے گا۔ تاہم عائد کی جانے والی حالیہ پابندیوں کے نتیجے میں پاکستان کے اعلیٰ سرکاری اہل کاروں سمیت پاکستانیوں کے ویزے روک لیے جائیں گے۔

جن دس ممالک پر ویزے کی پابندیاں عائد کی گئی ہیں اُن میں گیانا، گیمبیا، کیمبوڈیا، ایری ٹریا، گنی، برما، لاؤس اور سیرالیون شامل ہیں، جب کہ پاکستان اور گھانا کو اس سال فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

امریکہ کے امیگریش اور قومیت کے قانون کے تحت امریکی ہوم لینڈ سیکورٹی کے وزیر ایسے ممالک کو امیگریشن اور نان امیگریشن دونوں طرح کے ویزوں کا اجرا بند کر سکتے ہیں جو امریکہ میں ویزے کی میعاد ختم ہونے کے بعد بھی امریکہ میں رک جانے والے شہریوں کو ڈی پورٹ کرنے کی صورت میں قبول کرنے سے انکار کریں یا پھر اُنہیں قبول کرنے میں غیر معمولی تاخیر کا مظاہرہ کریں۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ اس بارے میں پاکستانی حکام سے بات چیت جاری ہے اور اس کی مزید تفصیلات فی الحال جاری نہیں کی جا سکتیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں