پشاور (ویب ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی کی مرکزی کابینہ کا انتخاب مکمل ہو گیا ، اسفندیار ولی خان چھٹی بار پارٹی کے مرکزی صدر منتخب ہو گئے، اس امر کا فیصلہ باچا خان مرکز پشاور میں اے این پی کے مرکزی الیکشن کمیشن کی زیر نگرانی منعقد ہونے والے مرکزی کونسل کے انتخابی اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں پارٹی کی تمام کابینہ باہمی اتفاق رائے سے تشکیل پا گئی، جس کے مطابق آئندہ چار سال کیلئے اسفندیار ولی خان مرکزی صدر اور میاں افتخار حسین جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے۔
کابینہ کے دیگر ممبران میں مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی، سیکرٹری اطلاعات زاہد خان، سیکرٹری مالیات حاجی ہدایت اللہ خان، سیکرٹری امور خارجہ سید عاقل شاہ، نائب صدر حسین شاہ یوسفزئی، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری صاحب جان کاکڑ، سیکرٹری کلچر سید لائق باچہ، اقلیتی امور کے سیکرٹری امر جیت ملہوترا اور لیبر سیکرٹری فاروق بنگش شامل ہیں۔
قبل ازیں 30 اپریل کو درخواستوں کی واپسی کیلئے مقرر کردہ تاریخ پر بعض امیدواروں نے اپنی درخواستیں واپس لے لیں اور ان عہدوں پر بھی امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو گئے۔