کراچی (ڈیلی اردو ) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ مستقبل کے نقطہ نظر سے ہم آہنگی پاک فضائیہ کا طرۂ امتیاز ہے جو جدید خیالات اور رجحانات سے سیکھنے کے لئے ہمہ وقت تیاررہتی ہے۔
یہ بات انہوں نے ائیر پاور سینٹر آف ایکسیلنس میں کمبیٹ کمانڈرز اسکول کے51ویں کمبیٹ کمانڈرز کورس کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
پاک فضائیہ کے سربراہ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے، گریجویٹ ہونے والے افسران سے خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ اس تربیت کے بعد آپ کی صلاحیتوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جس سے آپ پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں میں اضافے کے لئے مثبت کردار ادا کرسکیں گے۔
انہوں نے گریجویٹ ہونے والے افسران پر زور دیا کہ وہ اس شاندار ادارے سے حاصل کردہ تجربے اور تربیت کو نوجوان افسران تک منتقل کریں جو پاک فضائیہ کی آپریشنل استعداد کار کے لئے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم دورِ حاضر کے تقاضوں اور جدید تصورات سے بھر پور استفادہ حاصل کرنے کی صورت میں ہی پاک فضائیہ کی کمبیٹ ٹریننگ کو بلند معیار پر قائم رکھ سکتے ہیں۔
انہوں نے اس موقع پر گریجویٹ ہونے والے افسران میں سرٹیفکیٹ اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔ بہترین کمبیٹ کمانڈر کی چیف آف دی ائیر اسٹاف ٹرافی اسکواڈرن لیڈر احمد سمیع نے حاصل کی جبکہ بہترین کمبیٹ کنٹرولر کی ائیر آفیسر کمانڈنگ ائیر ڈیفنس کمانڈ ٹرافی اسکواڈرن لیڈر آصف گلزار کو عطا کی گئی۔
قبل ازیں ائیر چیف کی آمد پر بیس کمانڈر پی اے ایف بیس مصحف ،ائیرکموڈور فواد حاتمی نے ان کا استقبال کیا۔ تقریب میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز کے علاوہ پاک فضائیہ کے فیلڈ کمانڈرز نے بھی شرکت کی۔