کراکس (ڈیلی اردو) وینزویلا میں آرمی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 7 اہم فوجی آفیسرز ہلاک ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق وینزویلا کے دارالحکومت کراکس سے فوجی افسران کو لے کر سان کارلوس کے لیے اُڑان بھرنے والا ہیلی کاپٹر خرابی کے باعث ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگیا جس کے نتیجے میں 7 اہم فوجی افسران ہلاک ہوگئے۔
ہیلی کاپٹر کا ملبہ دارالحکومت سے باہر ایک علاقے سے مل گیا، حادثے میں 2 لیفٹیننٹ کرنل، 2 میجرز، 3 کیپٹن ہلاک ہوئے، ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا۔
وینزویلا کے صدر نے مادورو نے افسوسناک واقعے پر لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ آج ریاست نے اپنے بہترین فوجی افسران کھو دیئے۔ قوم کے ان بہادر سپوتوں پر مجھے فخر ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
قبل ازیں وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے اپنی فوج کو امریکی حملے سے خبردار کرتے ہوئے ہر قسم کے حالات سے نبرد آزما ہونے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی تھی، امریکا خود ساختہ صدر ہونے کے دعویدار اپوزیشن لیڈر جوآن گائیڈو کی حمایت میں کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ تیل کی دولت سے مالا مال وینزویلا میں سیاسی بحران اپنے عروج پر ہے اور موجودہ صدر کو ہٹانے کے لیے اپوزیشن لیڈر نے بغاوت کرکے اپنی حکومت قائم کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس کے لیے اپوزیشن لیڈر کو امریکا کی مکمل حمایت حاصل ہے۔