سری نگر (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے مقامی رہنما گل محمد میر کو اُن کے گھر میں مسلح افراد نے گولیاں مار کر قتل کردیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں مسلح افراد نے بی جے پی کے ضلعی نائب صدر گل محمد میر کو گھر کے اندر گھس کر اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔
نامعلوم مسلح افراد گل محمد میر کو قتل کرنے کے بعد فرار ہوگئے اور جاتے ہوئے ان کی گاڑی بھی لے گئے، بی جے پی رہنما کو زخمی حالت میں اسپتال لایا گیا جہاں طبی امداد کے دوران وہ دم توڑ گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تعداد 3 تھی جن کی تلاش کے لیے چھاپا مار کارروائی جا رہی ہے، اہل خانہ اور علاقہ مکینوں کے بیان کی روشنی میں تحقیقات کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس علاقے میں چند روز قبل ووٹنگ ہوئی تھی اور دو جماعتوں میں تصادم کے بعد ایک پولنگ اسٹیشن کو نذر آتش کردیا گیا تھا۔ ڈھونگ انتخابات کے موقع پر کشمیریوں نے جعلی الیکشن کا بائیکاٹ کیا جس کے باعث ووٹ کی شرح نہایت کم رہی۔