دبئی (ویب ڈیسک/ نیوز ایجنسی ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سال 2018 کی ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیموں کا اعلان کردیا جس کے مطابق دونوں ٹیموں کا کپتان ویرات کوہلی کو منتخب کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں کوئی پاکستانی کھلاڑی جگہ نہ بناسکا جبکہ ٹیسٹ ٹیم میں تین بھارتی اور تین نیوزی لینڈ کے کھلاڑی شامل ہیں اور پاکستان کے محمد عباس ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہیں جبکہ ون ڈے ٹیم میں بھارت اور انگلینڈ کے 4،4 کھلاڑی جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔
بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو 2018 کے دوران عمدہ کارکردگی پر ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کا کپتان نامزد کیا گیا ہے جبکہ آئی سی سی ون ڈے ٹیم میں بھارت کے روہت شرما، جونی برسٹو، جوئے روٹ، راس ٹیلر، جاز بٹلر، بین اسٹوک، مستفیض الرحمان، راشد خان، کلدیپ یادیو اور جسپرت بمرا شامل ہیں۔
آئی سی سی کی ٹیسٹ ٹیم میں ویرات کوہلی کپتان دیگر کھلاڑیوں میں محمد عباس، ٹام لیتھم، کرونا رتنے، کین ولیم سن، ہنری نکولس، رشب پینٹ، ربادا، نیتھن لائن، جسپرت بمرا شامل ہیں۔
بہترین کارکردگی پیش کرنے پر ووٹنگ ممبر نے ویرات کوہلی کو ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کے حق میں ووٹ دیا تھا۔
سری لنکا کے کمار دھرما سینا نے آئی سی سی امپائر آْف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا، انہوں نے دوسری مرتبہ یہ ایوارڈ اپنے نام کیا ہے، اس سے قبل 2012 میں کمار دھرما سینا کو بہترین امپائر کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔
بھارت کے ریشبھ پینٹ آئی سی سی ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر قرار پائے، کیوی کپتان ولیم سن آئی سی سی اسپرٹ آف دی کرکٹ ایوارڈ کے حقدار قرار پائے، ایرون فنچ نے آئی سی سی ٹی ٹوینٹی پرفارمنس آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت لیا۔