ہنگو (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کاظم گروپ کے ایک اہم کمانڈر جاسم کو ہلاک کر دیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق کارروائی رات گئے کچہ پکہ کے علاقے میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جس میں مطلوب شدت پسند کمانڈر جاسم کو ہلاک کیا گیا۔ حکام کے مطابق جاسم سیکیورٹی فورسز کے خلاف کئی سالوں سے سرگرم تھا اور متعدد پرتشدد کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جاسم کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کاظم گروپ کا سرکردہ کمانڈر تھا اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف حملوں میں مطلوب تھا۔
سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید ممکنہ سہولت کاروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔