کوئٹہ (ڈیلی اردو) بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس نے نماز کے دوران امام بارگاہ پر خودکش حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
ذرائع کے مطابق خودکش بمبار نے کوئٹہ کے میکانگی روڈ پر واقع ناصر العزا امام بارگاہ میں داخلے کی کوشش کی تو پولیس اہلکاروں نے روکا جس کے نتیجے میں خودکش نے پولیس پر فائرنگ اور ہینڈ گرنیڈ حملہ کر دیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔ امام بارگاہ کے باہر پولیس اہلکار نے بروقت اور جوابی فائرنگ سے خودکش حملہ آور مارا گیا۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ رزاق چیمہ کا کہنا تھا کہ خودکش حملہ آور امام بارگاہ باصر العزاء میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا جہاں پولیس اہلکاروں نے اس پر فائرنگ کی جس میں وہ ہلاک ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ ‘خودکش بمبار زنانہ لباس میں حملہ کرنے آیا تھا’۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کی لاش روڈ پر پڑی ہے جس کے جسم کے ساتھ خودکش جیکٹ بارودی اور دیگر مواد بندھے ہونے کا خدشہ ہے تاہم بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے 14 کلو وزنی خودکش جیکٹ کو ناکارہ بنادیا۔
پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کردیا تاہم تاحال کسی بھی تنظیم کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔