06/June/2026

ایران نے پھر حزب اللہ کی حمایت کا اعلان کر دیا، اسرائیل کو انتباہ

👁️ 26 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
ایران نے پھر حزب اللہ کی حمایت کا اعلان کر دیا، اسرائیل کو انتباہ

ایران نے پھر حزب اللہ کی حمایت کا اعلان کر دیا، اسرائیل کو انتباہ

بیروت/تہران (ڈیلی اردو/اے پی/اے ایف پی/روئٹرز) ایران نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کسی بھی ایسے ممکنہ امن معاہدے کی بنیادی شرط ہو گی، جس کا مقصد امریکہ اور ایران کے درمیان چار ماہ سے جاری جنگ کا خاتمہ اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی بحالی ہے۔

 

مارچ کے آغاز میں ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے دو روز بعد حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان لڑائی دوبارہ بھڑک اٹھی تھی۔ حزب اللہ نے کہا تھا کہ اس کی کارروائیاں تہران کی حمایت میں کی جا رہی ہیں۔

 

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے لبنانی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’یہ جنگ اسی وقت ختم ہو گی جب لبنان میں بھی اس کا خاتمہ ہو گا۔‘‘

 

انہوں نے مزید کہا کہ لبنان میں جنگ کے خاتمے کے ساتھ اسرائیلی افواج کا ان علاقوں سے انخلا بھی ضروری ہے، جن پر انہوں نے قبضہ کر رکھا ہے۔

 

ایران کے نئے سپریم لیڈر کے مشیر محسن رضاعی نے کہا کہ حزب اللہ نے حالیہ جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں اور ایران اپنے اتحادی کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

 

انہوں نے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس نے اس پر حملے دوبارہ شروع کیے تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

 

قبل ازیں حزب اللہ کے سربراہ قاسم نعیم نے لبنان میں جنگ بندی کے لیے امریکہ کی ثالثی میں طے پانے والے ایک معاہدے کو مسترد کر دیا تھا۔ اس معاہدے میں اسرائیلی فوج کے انخلا کی شق شامل نہیں تھی۔

 

اسرائیل نے جنوبی لبنان میں اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی افواج نہ تو ملک سے واپس ہٹیں گی اور نہ ہی آپریشنز معطل کریں گی۔ 

 

دوسری جانب حزب اللہ نے جمعے کے روز دعویٰ کیا کہ اس نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بناتے ہوئے دو حملے کیے ہیں۔

 

حزب اللہ کے مطابق ایک حملہ حال ہی میں اسرائیلی کنٹرول میں آنے والے بوفورٹ قلعہ کے قریب کیا گیا۔

 

ادھر لبنانی سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی لبنان کے مختلف قصبوں اور دیہات پر فضائی حملے کیے، جس سے علاقے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

 

تجزیہ کاروں کے مطابق لبنان کی سرحد پر جاری جھڑپیں وسیع تر علاقائی تنازعےکا حصہ بنتی جا رہی ہیں، جبکہ جنگ بندی اور سیاسی حل کی کوششوں کو مسلسل چیلنجز کا سامنا ہے۔

 

لبنان کے صدر جوزف عون نے جمعہ کے روز ایران کی پاسدارانِ انقلاب پر الزام عائد کیا کہ وہ لبنان کو امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں ایک ’سودے بازی کے مہرے‘ کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، اور یہ ’’ناقابلِ قبول‘‘ ہے۔

 

جمعے کو ایران کی بحریہ نے کہا کہ اس نے خلیج عمان میں امریکی ڈسٹرائرز جہازوں پر وارننگ فائر داغے تا کہ ’’بحری شرانگیزی، ہراسانی اور تجارتی اور تیل بردار جہازوں کے اغوا‘‘ کا مقابلہ کیا جا سکے۔ 

 

امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایران کے ان دعوؤں کی سختی سے تردید کی۔

 

اس سے قبل امریکی افواج نے کہا تھا کہ انہوں نے بحر ہند میں ایک تیل بردار جہاز پر قبضہ کیا ہے اور یہ کہ وہ ’’ایسے جہازوں کو روکنے کا عمل جاری رکھیں گے جو ایران کو مادی مدد فراہم کرتے ہیں‘‘۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C