بھارتی سپریم کورٹ کا حجاب پر اختلافی فیصلہ، معاملہ چیف جسٹس کے سپرد
👁️ 132 بار دیکھا گیا
بھارتی سپریم کورٹ کا حجاب پر اختلافی فیصلہ، معاملہ چیف جسٹس کے سپرد
نئی دہلی (ڈیلی اردو/وی او اے) بھارت کی سپریم کورٹ نے ریاست کرناٹک کے تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی عائد کیے جانے کے حکومتی فیصلے پر اختلافی فیصلہ سنایا ہے۔ دو رکنی بینچ کے ایک جج نے پابندی کو برقرار رکھتے ہوئے مسلم طالبات کی درخواستیں خارج کردی ہیں جب کہ دوسرے جج نے حکومتی فیصلے کو رد کیاہے اور طالبات کی تعلیم کو اہمیت دی ہے۔
سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ کے رکن جسٹس ہیمنت گپتا نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اس معاملے میں بینچ میں اختلاف رائے ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے سے متفق ہیں۔ انہوں نے اس فیصلے کو چیلنج کرنے والی درخواستیں خارج کر دیں۔
البتہ جسٹس سدھا نشو دھولیہ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ حجاب پہننا مسلم طالبات کی پسند کا معاملہ ہے۔ یہ نہ اس سے زیادہ ہے نہ اس سے کم۔ لہٰذا اس پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی۔
انہوں نے کرناٹک حکومت کی جانب سے حجاب پر پابندی کے سلسلے میں جاری نوٹی فکیشن کو مسترد کرتے ہوئے طالبات کی تعلیم کے متاثر ہونے پر اپنی تشویش ظاہر کی۔
واضح رہے کہ کرناٹک حکومت نے پری یونیورسٹی کالجز میں مسلم طالبات کے حجاب پہننے پر پابندی عائد کردی تھی، جسے مسلم طالبات کی جانب سے کرناٹک ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں حکومت کے فیصلے کو برقرار رکھا تھا۔جس کے بعد ہائی کورٹ کے فیصلے کو طالبات نے سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔
جسٹس سدھا نشو دھولیہ نے کہا کہ”میرے ذہن میں سب سے اوپر طالبات کی تعلیم کا معاملہ ہے۔ حکومت کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندی تعلیم اور بہتر زندگی کی راہ میں حائل ہو رہی ہے۔ لہٰذا میں بہت احترام کے ساتھ اپنے فاضل دوست سے اختلاف کرتا ہوں۔”
بینچ کے رکن جسٹس ہیمنت گپتا نے درخواستیں خارج کرنے کے ساتھ مناسب ہدایت دینے کی غرض سے اس معاملے کو چیف جسٹس یو یو للت کے سپرد کر دیا۔ ان کے بقول اب اس معاملے پر بڑا بینچ سماعت کرے گا۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ اس معاملے کے لیےآئینی بینچ تشکیل دیا جائے۔
قبل ازیں دو رکنی بینچ نے دس روز کی سماعت کے بعد 22 ستمبر کو اپنا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ سماعت کے دوران مسلمانوں کی جانب سے کم از کم 21 وکلا نے بحث کی جن میں راجیو دھون، کپل سبل، سلمان خورشید، دشینت دوے، سنجے ہیگڑے اور دیو دت کامت جیسے سینئر وکلا بھی شامل تھے۔
مسلم طالبات کی درخواستوں میں پابندی کی مخالفت کرتے ہوئے اسے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا تھا۔ انہوں نے کرناٹک ہائی کورٹ کے اس فیصلے کی مخالفت کی کہ حجاب اسلام کا لازمی جز نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت کو مذہبی امور میں مداخلت کرنے کا حق نہیں ہے۔ اسے قرآن کی تشریح کا بھی حق نہیں ہے اور یہ معاملہ عدالت کے دائرہ کار سے باہر ہے۔
عدالتی سماعتوں کے دوران یہ مؤقف بھی اختیار کیا گیا کہ حکومت کا فیصلہ من مانی ہے۔حکومت نے حجاب پر تو پابندی عائد کردی لیکن دیگر مذاہب کی مذہبی شناختوں جیسے کہ گھونگھٹ، پلو، چوڑی، بندی، سکھوں کی پگڑی اور کڑے وغیرہ پر کوئی پابندی عائد نہیں کی۔
دوسری جانب ریاستی حکومت کی جانب سے سولیسیٹر جنرل تشار مہتا، ایڈیشنل سولیسیٹر جنرل کے ایم نٹراج اور کرناٹک کے ایڈووکیٹ جنرل پربھولنگا کے نواڈگی نے کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے کے حق میں بحث کی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ حجاب کا تنازع مسلمانوں کی ایک تنظیم ’پاپولر فرنٹ آف انڈیا‘ (پی ایف آئی) نے پیدا کیا تھا۔ ان کے مطابق کالجز میں یونیفارم کے نفاذ سے بنیادی حق یا کسی بھی قانونی حق کی خلاف ورزی نہیں ہوتی۔
اس بحث کے دوران یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا کہ کیا کسی کالج انتظامیہ کی جانب سے یکسانیت کے لیے حجاب پر پابندی عائد کرنا دستور کی دفعہ 25 کی خلاف ورزی ہے؟
واضح رہے کہ بھارت کی وزارتِ داخلہ پاپولر فرنٹ آف انڈیا پر پانچ سال کی پابندی عائد کرچکی ہے۔
عدالت میں حکومتی مؤقف پیش کرتے ہوئے تشار مہتا کا کہنا تھا کہ ریاستی حکومت نے کسی مذہبی معاملے کو نہیں چھیڑا ہے بلکہ نوٹی فکیشن کے ذریعے کالجز میں یکسانیت، اتحاد، مساوات اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے۔
رواں سال جنوری میں کرناٹک کے پری یونیورسٹی کالجز میں مسلم طالبات کے حجاب پہننے پر تنازع پیدا ہوا تھا۔ مسلم طالبات کالجز میں حجاب پہن کر تعلیم حاصل کرنا چاہتی تھیں لیکن کرناٹک حکومت نے پانچ فروری کو ایک نوٹی فکیشن جاری کرکے حجاب پہننے پر پابندی عائد کر دی تھی۔
مسلم طالبات کے حجاب پہننے کی مخالفت شدت پسند ہندو تنظیموں نے کی تھی۔ ہندو طلبہ نے حجاب کی مخالفت کرتے ہوئے گلے میں زعفرانی دوشالے ڈال کر مظاہرہ کیا تھا۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
ٹرمپ کی ایران کو سخت دھمکی، جوابی کارروائی پر مزید شدید حملوں کا انتباہ
01/September/2026 👁️ 92 بار دیکھا گیا
امریکہ کے ایران پر نئے فضائی حملے، قشم، بندر عباس اور دیگر جنوبی علاقوں میں دھماکوں کی اطلاعات
01/September/2026 👁️ 81 بار دیکھا گیا
شام : بارود سے بھری گاڑی میں دھماکہ ، 5 افراد ہلاک، متعدد زخمی
01/September/2026 👁️ 74 بار دیکھا گیا
یمن: ریاستی سیکیورٹی فورسز کا آپریشن ، داعش کا ترجمان ہلاک، خودکش جیکٹ و دیگر سامان برآمد
01/September/2026 👁️ 97 بار دیکھا گیا
غزہ : اسرائیلی کارروائی، حماس کا اہم عہدیدار گرفتار، فضائی حملوں میں متعدد افراد ہلاک
01/September/2026 👁️ 98 بار دیکھا گیا
لکی مروت: شاہ حسن خیل میں پولیس اور سی ٹی ڈی کا آپریشن، 2 دہشتگرد ہلاک
01/September/2026 👁️ 120 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
ٹرمپ کا ایران کو آخری الٹی میٹم، ڈیل نہ ہوئی تو تباہ کن کارروائی کی دھمکی
04/August/2026 👁️ 26264 بار دیکھا گیاایران میں موساد کیلئے جاسوسی کا الزام، دو افراد کو پھانسی دے دی گئی
04/August/2026 👁️ 15509 بار دیکھا گیاحوثیوں کا سعودی عرب کے نجران ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ
05/August/2026 👁️ 11791 بار دیکھا گیاجنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 9090 بار دیکھا گیایمن میں حوثی باغیوں کے میزائل اور ڈرون حملے، 36 فوجی اہلکار ہلاک
07/August/2026 👁️ 7377 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 5057 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C