09/August/2026

جنوبی وزیرستان میں کواڈکاپٹر حملہ، 3 شہری زخمی

👁️ 97 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
جنوبی وزیرستان میں کواڈکاپٹر حملہ، 3 شہری زخمی

جنوبی وزیرستان میں کواڈکاپٹر حملہ، 3 شہری زخمی

جنوبی وزیرستان (نمائندہ ڈیلی اردو) پاکستان کے شورش زدہ صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانا میں مبینہ کواڈکاپٹر حملے کے نتیجے میں تین شہری زخمی ہوگئے۔

 

مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ وانا کے علاقے غواخواہ میں پیش آیا، جہاں مبینہ کواڈکاپٹر سے حملہ کیا گیا۔ حملے کے نتیجے میں تین شہری زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا منتقل کردیا گیا۔

 

ذرائع کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی شناخت زاہد اللہ، عرفان اور سہراب خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔

 

زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیے جانے کے بعد انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، تاہم ان کی حالت سے متعلق مزید تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں۔

 

واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کی جانب سے تحقیقات شروع کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ حملے میں استعمال ہونے والے کواڈکاپٹر اور اس کے ممکنہ آپریٹرز سے متعلق بھی تاحال کوئی واضح معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔

 

حکام کی جانب سے واقعے کی باضابطہ نوعیت، حملے کے ذمہ داروں اور اس کے محرکات کے بارے میں تاحال کوئی تفصیلی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

 

سرویکئی میں کرفیو نافذ

 

دوسری جانب جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل سرویکئی میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔

 

ڈپٹی کمشنر عرفان علی کے مطابق دفعہ 144 کے تحت صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک ہر قسم کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ سکیورٹی خدشات اور سکیورٹی فورسز کو لاجسٹک سامان کی ترسیل کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

 

ضلعی انتظامیہ کے مطابق کرفیو کے دوران تمام بازار اور مارکیٹیں بھی بند رہیں گی جبکہ غیر ضروری نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔

 

انتظامیہ نے سرویکئی، مولا خان سرائے، نیو رغزئی تا چگملائی روڈ پر داخلہ ممنوع قرار دیا ہے۔ اسی طرح سرویکئی، مولا خان سرائے تا بروند روڈ پر بھی داخلہ سختی سے ممنوع ہوگا۔

 

انتظامیہ کے مطابق کرفیو کے دوران کسی ہنگامی صورت حال میں سفر صرف پولیس یا سکیورٹی فورسز کی اجازت کے بعد کیا جاسکے گا، جبکہ مسافروں کو اپنی شناختی دستاویزات بھی پیش کرنا ہوں گی۔

 

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کرفیو کے دوران عائد پابندیوں کی مکمل پاسداری کریں اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C