03/August/2026

سوات: کبل پولیس اسٹیشن کے باہر خودکش حملہ، 6 پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد ہلاک، 30 زخمی

👁️ 37 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
سوات: کبل پولیس اسٹیشن کے باہر خودکش حملہ، 6 پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد ہلاک، 30 زخمی

سوات: کبل پولیس اسٹیشن کے باہر خودکش حملہ، 6 پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد ہلاک، 30 زخمی

سوات (نمائندہ ڈیلی اردو) پاکستان کے شورش زدہ صوبہ خیبر پختونخوا کے سیاحتی ضلع سوات میں کبل پولیس اسٹیشن کے باہر ہونے والے خودکش حملے میں چھ پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد ہلاک جبکہ کم از کم 30 زخمی ہو گئے۔

 

حکام کے مطابق زخمیوں میں متعدد پولیس اہلکار اور عام شہری شامل ہیں، جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ اس وجہ سے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

 

اطلاعات کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب سوات میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف شہری کبل تھانے کے قریب پرامن احتجاج کر رہے تھے۔

 

ڈی آئی جی مالاکنڈ سید فدا حسین کے مطابق خودکش حملہ آور کبل پولیس اسٹیشن میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم گیٹ پر تعینات اہلکاروں نے اسے روک لیا۔ اس دوران حملہ آور نے پولیس اسٹیشن کے مرکزی گیٹ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

 

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے مقام سے ایک انسانی سر بھی ملا ہے، جس کے بارے میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ خودکش حملہ آور کا ہو سکتا ہے۔ فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں تاکہ حملہ آور کی شناخت اور واقعے کی مزید تحقیقات کی جا سکیں۔

 

ابتدائی اطلاعات کے مطابق خودکش حملہ آور کا ہدف پولیس تھی، تاہم وہ پولیس لائن کے اندر داخل ہونے میں ناکام رہا۔

 

دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو سینٹرل اسپتال سوات منتقل کر دیا گیا ہے۔

 

وزیراعظم شہباز شریف نے کبل میں خودکش حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

 

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

 

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بھی کبل دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخوا سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔

 

وزیراعلیٰ نے حملے میں ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں اور شہریوں کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بڑی قربانیاں دے رہی ہے اور امن دشمن عناصر کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

 

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی تھانہ کبل کے قریب خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے خودکش حملہ آور کو تھانے کے اندر داخل ہونے سے روک کر اپنی جانوں کی قربانی دی اور متعدد قیمتی جانوں کو بچایا۔

 

تاحال اس خودکش حملے کی ذمہ داری کسی گروپ یا تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C