فرانس دہشت گردانہ حملے: پیرس میں داعشی ملزم صالح عبدالسلام کیخلاف 6 سال بعد سماعت شروع
👁️ 88 بار دیکھا گیا
فرانس دہشت گردانہ حملے: پیرس میں داعشی ملزم صالح عبدالسلام کیخلاف 6 سال بعد سماعت شروع
پیرس (ڈیلی اردو/روئٹرز/اے پی/اے ایف پی) فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں دہشت گردی کے خونریز حملوں کے چھ برس بعد آج آٹھ ستمبر سے بیس ملزمان کے خلاف عدالتی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیرس میں 2015 کے دہشت گردانہ حملوں کے زندہ بچ جانے والے واحد حملہ آور صالح عبدالسلام نے آج بدھ آٹھ ستمبر کو دوران سماعت عدالت میں ایک بیان دیا۔ ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ ’داعش کا ایک سپاہی‘ ہے۔
فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں نومبر 2015ء میں بیک وقت کئی مقامات پر کیے گئے مربوط دہشت گردانہ حملوں میں 130 افراد مارے گئے تھے اور سینکڑوں زخمی ہوئے تھے۔ ان حملوں کی ذمے داری دہشت گرد تنظیم ‘اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش نے قبول کر لی تھی۔
پیرس سے آمدہ رپورٹوں کے مطابق مراکشی نژاد فرانسیسی شہری صالح عبدالسلام نے اپنے ‘داعش کا سپاہی‘ ہونے سے متعلق بیان تقریباﹰ چھ برس قبل 13 نومبر کے روز کیے گئے دہشت گردانہ حملوں سے متعلق مقدمے کی کارروائی کے آغاز پر دیا۔
انتہائی سخت حفاظتی انتظامات
پیرس کی ایک عدالت میں اس مقدمے کی کارروائی کا آغاز انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کے تحت ہوا۔ ملزم صالح عبدالسلام کو جب عدالت میں لایا گیا، تو وہ سیاہ لباس پہنے ہوئے تھا اور اس کا چہرہ بھی ایک سیاہ ماسک سے ڈھکا ہوا تھا۔
اس مقدمے میں عدالتی کارروائی مجموعی طور پر 20 ایسے جہادیوں کے خلاف کی جا رہی ہے، جن پر ان حملوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ ان میں سے اس وقت 31 سالہ صالح عبدالسلام اس خونریزی کے مرتکب حملہ آوروں میں سے زندہ بچ جانے والا واحد ملزم سمجھا جاتا ہے۔
ڈیڑھ درجن سے زائد ان جہادیوں نے یہ حملے چھ شراب خانوں اور ریستورانوں، باٹاکلاں کنسرٹ ہال اور ایک سپورٹس اسٹیڈیم میں کیے تھے۔ یہ حملے اتنے ہلاکت خیز تھے کہ انہیں بہت سے ماہرین نے ‘یورپ کا نائن الیون‘ قرار دیا تھا اور ان کی وجہ سے فرانس کی اپنے ہاں سلامتی انتظامات کے حوالے سے خود اعتمادی کو بھی شدید دھچکا لگا تھا۔
سماعت قصرِ عدل میں
پیرس حملوں سے متعلق اس مقدمے کی سماعت شہر کے وسطی علاقے میں Palais de Justice یا قصرِ عدل نامی عدالت میں ہو رہی ہے، جس کے باہر ان حملوں میں زندہ بچ جانے والے بہت سے افراد کے علاوہ ہلاک شدگان کے بہت سے رشتے دار بھی جمع تھے۔
ان فرانسیسی شہریوں کا کہنا تھا کہ وہ قصرِ عدل کے باہر اس لیے جمع ہوئے ہیں کہ ملزم صالح عبدالسلام کا عدالت میں دیا جانے والا بیان سن سکیں اور یہ بات بہتر طور پر سمجھ سکیں کہ جو کچھ بھی ہوا، وہ کیوں ہوا؟
غیر معمولی عدالتی کارروائی
یہ عدالتی کارروائی تقریباﹰ نو ماہ تک جاری رہے گی، جس میں تقریباﹰ 1800 مدعیان کی طرف سے 300 سے زائد وکلاء حصہ لیں گے۔ ملکی وزیر انصاف ایرک دُوپاں موریتی نے اسے فرانسیسی تاریخ کی ‘بے نظیر عدالتی میراتھن‘ قرار دیا ہے۔
اس مقدمے میں جن 20 ملزمان کو اپنے خلاف الزامات کا دفاع کرنا ہے، ان میں سے 11 پہلے ہی جیل میں ہیں اور اپنے خلاف کارروائی کے منتظر تھے۔ چھ نامزد ملزمان کے خلاف یہ عدالتی کارروائی ان کی غیر حاضری میں مکمل کی جائے گی۔ ان میں سے زیادہ تر مارے گئے تھے۔
ممکنہ سزائیں
مقدمے کے اکثر ملزمان کو ان کے جرائم ثابت ہو جانے پر عمر قید کی سزائیں سنائی جا سکتی ہیں۔ باقی ماندہ ملزمان کے خلاف الزامات یہ ہیں کہ انہوں نے حملہ آوروں کو ہتھیار یا گاڑیاں مہیا کیں یا پھر ان حملوں کے لیے دیگر تیاریوں میں مدد کی۔
چھ سال پہلے پیرس کے ان دہشت گردانہ حملوں کی ذمے داری داعش نے قبول کر لی تھی۔ تب یہ تنظیم شام اور عراق کے وسیع تر علاقوں پر قابض تھی اور وہاں اس کے خلاف کارروائیوں میں دیگر مغربی ممالک کی طرح فرانس بھی شامل تھا۔ اس پر داعش نے اپنے حامیوں سے کہا تھا کہ وہ فرانس پر مسلح حملے کریں۔
عدالتی فیصلہ اگلے برس مئی میں متوقع
اس مقدمے میں عدالتی فیصلہ اگلے برس مئی کے اواخر میں متوقع ہے۔ سماعت کے لیے کمرہ عدالت میں خاص طور پر تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ کارروائی کے دوران عدالت میں موجود ملزمان کو شیشے کی ایک موٹی بلٹ پروف دیوار کے پیچھے بٹھایا گیا۔
عدالتی کارروائی میں حصہ لینے والے وکلاء اور دیگر افراد کی کئی مراحل میں سخت سکیورٹی چیکنگ کا بھی انتظام کیا گیا ہے، جس کے لیے خاص طور پر ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار متعین کیے گئے ہیں۔
اس سسلے میں فرانسیسی وزیر داخلہ جیرالڈ دارمانیں نے فرانس انٹر نامی نشریاتی ادارے کو بتایا، ”فرانس میں دہشت گردی کا خطرہ کافی زیادہ ہے، خاص طور پر ایسے ٹرائلز کے موقع پر۔‘‘
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
ایران پر امریکی حملوں کی نئی لہر، دوسرے روز بھی چابہار اور دیگر مقامات پر بمباری
09/July/2026 👁️ 110 بار دیکھا گیا
بلوچستان: زیارت حملے میں ہلاک پولیس اہلکاروں کی تعداد 27 ہوگئی
08/July/2026 👁️ 138 بار دیکھا گیا
ایران کے ساتھ عبوری جنگ بندی ڈیل ختم ہو چکی، امریکی صدر ٹرمپ
08/July/2026 👁️ 127 بار دیکھا گیا
بلوچستان: لسبیلہ می فوجی قافلے پر بم حملہ، 11 سکیورٹی اہلکار ہلاک
08/July/2026 👁️ 144 بار دیکھا گیا
یوکرینی ڈرونز کے روسی آئل ریفائنریز، ٹینکرز اور پائپ لائن تنصیبات پر حملے
08/July/2026 👁️ 117 بار دیکھا گیا
بلوچستان: زیارت میں طالبان کے حملے میں دو ایس ایچ اوز سمیت 10 پولیس اہلکار ہلاک، متعدد لاپتا
08/July/2026 👁️ 170 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8908 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4737 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3527 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2524 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2278 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ نے پولیس افسر قیصر حسین کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرلی
26/August/2025 👁️ 1966 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C