افغانستان: قندوز شہر کے بعد طالبان کا صوبہ بغلان کے شہر پُل خمری پر حملہ
👁️ 122 بار دیکھا گیا
افغانستان: قندوز شہر کے بعد طالبان کا صوبہ بغلان کے شہر پُل خمری پر حملہ
کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان میں طالبان نے قندوز کے بعد ایک اور شہر ‘پل خمری’ پر حملہ کر دیا ہے۔
صوبہ بغلان کی پولیس کے سربراہ نے صوبائی دارالحکومت پر طالبان کے بڑے حملے کی تصدیق کی ہے۔
‘ریڈیو فری یورپ’ کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے کہا ہے کہ طالبان نے دو اطراف سے ‘پل خمری’ شہر کو نشانہ بنایا ہے۔ سکیورٹی فورسز اور جنگجوؤں میں شدید لڑائی جاری ہے۔
بغلان کی صوبائی کونسل کے سربراہ صفدر محسنی نے بتایا ہے کہ پورا شہر بند ہو گیا ہے۔
صفدر محسنی نے مزید کہا کہ اگر مرکزی حکومت نے فوری طور پر اقدامات نہ کیے تو صورت حال انتہائی خراب ہو سکتی ہے۔
خیال رہے کہ طالبان نے گزشتہ روز افغانستان کے شمالی شہر قندوز پر کئی اطراف سے حملہ کیا تھا۔ حکام نے یہ حملہ پسپا کرنے اور 65 سے زائد طالبان دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔
افغانستان کے شمالی شہر قندوز پر طالبان نے ایک روز قبل حملہ کیا تھا۔
قطر کے نیوز چینل ‘الجزیرہ’ کی رپورٹ کے مطابق قندوز میں ایک روز لڑائی کے بعد سرکاری فورسز نے شہر میں اہم مقامات پر چوکیاں بنالی ہیں جبکہ وزارت داخلہ دعویٰ کر رہی ہے کہ قندوز کو طالبان سے محفوظ بنا لیا گیا ہے البتہ بعض جنگجو صوبہ بغلان کی جانب فرار ہوئے ہیں۔
قندوز پر گزشتہ کچھ سالوں میں طالبان کا یہ تیسرا بڑا حملہ تھا تاہم اس بار بھی طالبان شہر پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
امریکی خبر رساں ادارے ‘اے پی’ کے مطابق صوبہ بغلان کی کونسل کے سربراہ صفدر محسنی کا کہنا تھا کہ پل خمری شہر کے اطراف میں دھماکوں کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ طالباب دہشت گرد رہائشی علاقوں میں داخل ہو رہے ہیں۔ اس لیے مزید فورسز کی ضرورت ہے۔ اگر طالبان شہر میں داخل ہو گئے تو ان کو نکالنا مشکل ہو جائے گا۔
خیال رہے کہ صوبہ بغلان کے مرکزی شہر ‘پل خمری’ کی آبادی 2 لاکھ سے زائد ہے جبکہ یہ دارالحکومت کابل سے 230 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔
دو روز میں دو بڑے شہروں پر حملے ایک ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب طالبان اور امریکہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد نے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ طالبان کے ساتھ امن معاہدے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔ اس معاہدے سے افغانستان میں تشدد میں کمی اور بین الافغان مذاکرات کی راہ ہموار ہو گی۔
اپنی ٹوئٹ میں زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ امن معاہدے سے افغانستان میں تشدد کم ہو گا۔ اس سے ایک ایسا خود مختار افغانستان سامنے آئے گا جو امریکہ اور اس کے اتحادیوں یا کسی اور ملک کے خلاف اپنی زمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گا۔
امریکہ کا یہ موقف رہا ہے کہ طالبان کو افغانستان میں پر تشدد کارروائیاں ختم کرنا ہوں گی تاہم طالبان یہ اصرار کرتے ہیں کہ جب تک امریکی فوج افغانستان سے نکل نہیں جاتی اس وقت تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
خیال رہے کہ امریکہ اور طالبان میں مذاکرات کے نو ادوار ہو چکے ہیں۔ مذاکرات کے حالیہ دور کے اختتام پر یہ واضح نہیں ہے کہ افغانستان میں موجود 14 ہزار غیر ملکی فوجیوں کا مکمل انخلا ممکن ہو سکے گا۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایک بیان کچھ روز قبل سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے وہ 8 ہزار سے زائد فوجی افغانستان میں تعینات رکھیں گے۔
یہ رپورٹس بھی آ چکی ہیں کہ امریکہ سے امن معاہدے کے بعد ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں طالبان کے افغان حکومت سے براہ راست مذاکرات ہوں گے تاہم طالبان یا کابل حکومت کی جانب سے تاحال اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
پنجاب میں سی ٹی ڈی کی کارروائیاں، 8 مبینہ دہشتگرد گرفتار، دھماکہ خیز مواد اور دستی بم برآمد
17/October/2026 👁️ 80 بار دیکھا گیا
بلوچستان: مستونگ میں مسافر وین سے 20 زیرِ تربیت پولیس اہلکار اغوا، تین مسافر اور ڈرائیور رہا
17/October/2026 👁️ 76 بار دیکھا گیا
قلعہ عبداللہ میں مسلح افراد نے پنکئی پولیس چوکی کی عمارت گرا دی
17/October/2026 👁️ 57 بار دیکھا گیا
بھارت کے زیر انتظام کشمیر: کپواڑہ میں لائن آف کنٹرول کے قریب فائرنگ، 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک
17/October/2026 👁️ 52 بار دیکھا گیا
سعودی عرب کے ساحل کے قریب آئل ٹینکر پر راکٹ حملہ، ایک ہی علاقے میں دو واقعات رپورٹ
17/October/2026 👁️ 69 بار دیکھا گیا
ایران سعودی عرب اور حوثی باغیوں کے درمیان تنازع کے سیاسی حل میں تعاون کے لیے تیار
17/October/2026 👁️ 85 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
ٹرمپ کا ایران کو آخری الٹی میٹم، ڈیل نہ ہوئی تو تباہ کن کارروائی کی دھمکی
04/August/2026 👁️ 26378 بار دیکھا گیاایران میں موساد کیلئے جاسوسی کا الزام، دو افراد کو پھانسی دے دی گئی
04/August/2026 👁️ 15615 بار دیکھا گیاحوثیوں کا سعودی عرب کے نجران ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ
05/August/2026 👁️ 11911 بار دیکھا گیاجنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 9260 بار دیکھا گیایمن میں حوثی باغیوں کے میزائل اور ڈرون حملے، 36 فوجی اہلکار ہلاک
07/August/2026 👁️ 7518 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 5465 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C