31/October/2023

بلوچستان: تربت میں تھانے پر دہشت گردوں کا حملہ، پولیس اہلکار سمیت 5 مزدور ہلاک، ایک زخمی، ایک لاپتہ

👁️ 54 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
بلوچستان: تربت میں تھانے پر دہشت گردوں کا حملہ، پولیس اہلکار سمیت 5 مزدور ہلاک، ایک زخمی، ایک لاپتہ

بلوچستان: تربت میں تھانے پر دہشت گردوں کا حملہ، پولیس اہلکار سمیت 5 مزدور ہلاک، ایک زخمی، ایک لاپتہ

کوئٹہ (ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان کے علاقے تربت میں دہشت گردوں کے پولیس اسٹیشن میں حملے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار اور 4 مزدور ہلاک ہوگئے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کیچ محمد بلوچ نے نجی ٹی وی چینل ڈان نیوز کو بتایا کہ ناصر آباد میں پولیس تھانے پر رات ڈھائی بجے تقریباً 20 دہشت گردوں نے حملہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ کانسٹیبل عیسیٰ اور حسن نے دہشت گردوں کو دیکھتے ہی روکنے کی کوشش کی، لیکن فائرنگ کے تبادلے میں کانسٹیبل عیسیٰ ہلاک اور کانسٹیبل حسن زخمی ہوگئے، دہشت گردوں نے دونوں اہلکاروں سے اسلحہ چھین لیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے ضروری کام انجام دینے کے بعد حفاظت کے پیش نظر 17 مزدور پولیس تھانے میں تھے، ان میں سے 4 مزدور ہلاک، ایک لاپتا جبکہ 11 دیگر محفوظ ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے چاروں مزدوروں کا تعلق پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ سے ہے۔تربت حملے میں ہلاک ہونے والے مزدوروں کی شناخت محمد عزیر، باقر علی، شہباز اور شہزاد کے ناموں سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے مزدور شہباز احمد اور شہزاد احمد بھائی تھے۔ فائرنگ سے ہلاک تمام افراد کی میتیں ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کر دی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق فائرنگ سے ایک مزدور زخمی بھی ہوا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمی شخص کا تعلق ڈیرہ غازی خان ے ہے، جبکہ پولیس اہلکار کا تعلق تربت سے ہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور مزید نفری طلب کرکے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔

ایس ایس پی کیچ محمد بلوچ نے مزید بتایا کہ سی ٹی ڈی کے عملے نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

نگراں وزیرِ اعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی نے تربت میں 4 مزدوروں اور 1 پولیس اہلکار کی ہلاکت پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔

اس حوالے سے انہوں نے وزارتِ داخلہ و قبائلی امور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کا واقعہ قابلِ مذمت اور ناقابلِ برداشت ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ نہتے مزدوروں کا قتل اندوہناک واقعہ ہے، اس میں ملوث عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

نگراں صوبائی وزیرِ اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ تربت میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتا ہوں، تربت میں ایک بار پھر نہتے مزدوروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ یہ دہشت گردوں کی بزدلی ہے کہ وہ نہتے شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں، دہشت گردوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔

جان اچکزئی نے یہ بھی کہا ہے کہ ایسے واقعات کی گنجائش نہیں، وقت آ گیا ہے کہ دہشت گردی کا قلع قمع کر دیں

واضح رہے کہ رواں ماہ بھی بلوچستان کے ضلع تربت میں ہی 6 مزدوروں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔

مرنے والوں میں 2 سگے بھائیوں سمیت ایک ہی خاندان کے 4 افراد بھی شامل تھے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C