بھارت: ریاست اتر پردیش میں پاکستان کی حمایت میں نعرے لگانے والوں کیخلاف مقدمہ درج
👁️ 44 بار دیکھا گیا
بھارت: ریاست اتر پردیش میں پاکستان کی حمایت میں نعرے لگانے والوں کیخلاف مقدمہ درج
نئی دہلی (ڈیلی اردو/ڈوئچے ویلے) بھارتی ریاست اتر پردیش کے آلہ آباد میں پولیس حکام نے پاکستان نواز نعرے لگانے کے الزام میں متعدد افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ ریاست میں اس وقت اسمبلی انتخابات جاری ہیں اور اس الیکشن میں پاکستان کا نام بار بار لیا جا رہا ہے۔
بھارتی ریاست اتر پردیش کی پولیس کا کہنا ہے کہ پریاگ راج (آلہ آباد) کے ہنڈیا علاقے میں انتخابی مہم کے دوران گزشتہ ہفتے کے روز ’پاکستان زندہ باد‘ جیسے نعرے لگائے گئے تھے، جس کی وجہ سے سات افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گيا ہے۔
پولیس کا دعوی ہے کہ نعرہ لگانے والے افراد کا تعلق ریاست کی مضبوط حزب اختلاف کی جماعت سماج وادی پارٹی سے ہے۔ ان انتخابات میں اس جماعت کا حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی سے براہ راست مقابلہ ہے، جس نے پولیس کے بیانات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اس پر جھوٹ سے کام لینے کا الزام عائد کیا ہے۔
بھارت اور پاکستان کے درمیان گزشتہ کئی برسوں سے تعلقات اچھے نہیں ہیں اور ملک میں ایک ایسی فضا قائم ہے کہ پاکستان سے متعلق کوئی بھی مثبت بات کہنے کو بھی معیوب سمجھا جاتا ہے۔ ماضی میں بھی کئی بار پاکستان زندہ باد کہنے کے واقعات پر متعدد افراد کے خلاف کیسز درج ہونے کے ساتھ ہی انہیں گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔
تازہ واقعہ کیا ہے؟
نعرے سے متعلق ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے سنے جا سکتے ہیں۔ اس کی تفتیش کے دوران ہی پولیس نے سات نامعلوم افراد کے خلاف کیس درج کیا جبکہ ابھی اس کی مزید تفتیش جاری ہے۔
مقامی پولیس اسٹیشن کے سربراہ کیسو داس ورما کا کہنا تھا، ’’ابتدائی تفتیش کے دوران ہمارے علم میں یہ بات آئی ہے کہ ویڈیو پریاگ راج کے برہوت قصبے میں شوٹ کیا گیا تھا۔ ویڈیو میں سات افراد کی شناخت ہو گئی ہے۔ پولیس ویڈیو میں ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے لگانے والے دیگر افراد کی شناخت کا بھی پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔‘‘
پولیس کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ابھی کسی کو گرفتار نہیں کیا گيا ہے، ”تاہم بتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایف آئی آر میں، جن افراد کا نام درج ہیں، ان کا تعلق سماج وادی پارٹی سے ہے۔‘‘
ادھر سماج وادی پارٹی کے ضلعی صدر یوگیش یادو نے پولس پر پارٹی کارکنان کو پھنسانے کے لیے جھوٹی کوشش کرنے کا الزام لگایا۔ ان کا کہنا تھا، ’’ہماری پارٹی کے کارکنوں نے کوئی قابل اعتراض نعرہ نہیں لگایا۔ پولیس ہمارے پارٹی کارکنان کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی کوشش کر رہی ہے۔‘‘
بھارت کے تقریباﹰ سبھی انتخابات میں پاکستان اور اس کے بانی محمد علی جناح جیسی شخصیات کا اکثر ذکر ہوتا ہے اور اس کے نام پر رائے دہندگان کو تقسیم کر کے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ آلہ آباد میں اتوار کے روز ہی پولنگ ہوئی ہے اور ان انتخابات میں ہندو قوم پرست جماعت بھی بی جے پی خاص طور ان مسائل کو زور شور سے اٹھا رہی ہے۔
اس ماہ کے اوائل میں جب انتخابی مہم شروع ہوئی تھی، اس وقت بھی کانپور کے علاقے میں بھی اسی طرح سماج وادی پارٹی کے کارکنان پر پاکستان نواز نعرے لگانے کا الزام عائد کیا گيا تھا۔ اس حوالے سے اس وقت جو ویڈیو وائرل ہوا تھا اس کا نعرہ تھا، ’’پاکستان بنانا ہے، سائیکل کا بٹن دبانا ہے۔‘‘ (سائیکل سماج وادی پارٹی کا انتخابی نشان ہے)
اس وقت بھی پولیس نے ایک مقدمہ درج کرنے کے بعد تفتیش کا اعلان کیا تھا تاہم ابھی تک اس کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں کہ آخر یہ نعرہ لگانے والے اصل میں کون لوگ تھے؟ اس وقت بھی سماج وادی پارٹی نے اس طرح کے نعرے سے انکار کیا تھا۔ پارٹی کا کہنا تھا کہ مذکورہ ویڈيو ایڈٹ کی گئی اور اس میں ایسے ’ملک مخالف‘ نعرے ڈالے گئے تھے، جو اس کا کام نہیں ہے۔
گزشتہ برس فروری میں جنوبی شہر بنگلور میں پولیس حکام نے ‘پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ لگانے والی ایک نوجوان طالبہ کو گرفتار کر لیا تھا۔ انیس سالہ طالبہ امولیہ لیونا نے بنگلور کے ایک جلسے میں ‘بھارت زندہ باد کے ساتھ ساتھ پاکستان زندہ باد‘ کا بھی نعرہ بلند کیا تھا، جس کے لیے ان پر بغاوت کا مقدمہ درج کیا گيا اور انہیں جیل بھیج دیا گيا تھا۔ ابھی وہ ضمانت پر رہا ہیں۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
بدخشاں میں طالبان کے کمانڈ مرکز پر راکٹ حملہ، اے ایف ایف کا 4 اہلکار ہلاک کرنے کا دعویٰ
09/September/2026 👁️ 142 بار دیکھا گیا
ایران کا آبنائے ہرمز میں امریکی بغیر پائلٹ آبدوز قبضے میں لینے کا دعویٰ
09/September/2026 👁️ 99 بار دیکھا گیا
ایران کا اردن میں امریکی فوجی اڈے پر بیلسٹک میزائل حملے کا دعویٰ، 20 میزائل داغے جانے پر اردن کا بیان
09/September/2026 👁️ 118 بار دیکھا گیا
امریکا کا 5 ایرانی آئل ٹینکرز تباہ کرنے کا دعویٰ، حملوں کی ویڈیوز بھی جاری
09/September/2026 👁️ 110 بار دیکھا گیا
جنوبی وزیرستان میں 48 گھنٹوں کے لیے کرفیو نافذ، اہم شاہراہوں پر آمدورفت بند
09/September/2026 👁️ 155 بار دیکھا گیا
ایران : سیستان و بلوچستان میں سیکیورٹی آپریشن، 3 مبینہ دہشتگرد ہلاک، 9 گرفتار
08/September/2026 👁️ 127 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
ٹرمپ کا ایران کو آخری الٹی میٹم، ڈیل نہ ہوئی تو تباہ کن کارروائی کی دھمکی
04/August/2026 👁️ 26284 بار دیکھا گیاایران میں موساد کیلئے جاسوسی کا الزام، دو افراد کو پھانسی دے دی گئی
04/August/2026 👁️ 15530 بار دیکھا گیاحوثیوں کا سعودی عرب کے نجران ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ
05/August/2026 👁️ 11818 بار دیکھا گیاجنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 9116 بار دیکھا گیایمن میں حوثی باغیوں کے میزائل اور ڈرون حملے، 36 فوجی اہلکار ہلاک
07/August/2026 👁️ 7405 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 5125 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C