بھارتی ریاست منی پور میں متعدد ارکانِ اسمبلی کے گھر نذر آتش، کرفیو نافذ
👁️ 99 بار دیکھا گیا
بھارتی ریاست منی پور میں متعدد ارکانِ اسمبلی کے گھر نذر آتش، کرفیو نافذ
نئی دہلی (ڈیلی اردو/وی او اے) بھارت کی ریاست منی پور میں مشتعل مظاہرین نے کئی اضلاع میں متعدد ارکانِ اسمبلی کے گھروں پر حملے کرکے انہیں نذر آتش کر دیا۔ ریاستی وزیرِ اعلیٰ این بیرن سنگھ کے آبائی مکان پر حملے کی کوشش کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا ہے۔
آسام رائفلز، بارڈر سیکیورٹی فورسز (بی ایس ایف) اور ریاستی پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ اور ربڑ بولیٹ فائر کرکے انہیں منتشر کیا۔
اس کے بعد مظاہرین نے وزیرِ اعلیٰ کے گھر کی طرف جانے والی سڑک پر ٹائر جلائے۔
جیری بام ضلعے میں چھ خواتین اور چھ بچوں کی لاشیں ملنے کے بعد مظاہرین میں غصہ پھوٹ پڑا۔ ان کا الزام ہے کہ ان ہلاکتوں کے ذمہ دار عسکریت پسند ہیں۔
انتظامیہ نے ہفتے کو یہ لاشیں دریافت کی تھیں۔ ہلاک شدگان کو مبینہ طور پر عسکریت پسندوں نے اغوا کیا اور قتل کر دیا تھا۔ اس واردات کے بعد مشتعل مظاہرین نے کم از کم 10 ارکانِ اسمبلی کے گھروں کو نشانہ بنایا ہے۔
سرکاری اہل کاروں کے مطابق ہفتے کی شب جن ارکانِ اسمبلی کے گھروں پر حملہ کیا گیا ان میں تین کا تعلق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور ایک کا تعلق کانگریس سے ہے۔
ان میں وزیرِ اعلیٰ کے برادر نسبتی اور دو وزرا کے گھر بھی شامل ہیں۔
حالات کی سنگینی کے پیش نظر مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے مہاراشٹرا میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے اپنی ریلیوں کو منسوخ کر دیا ہے اور وہ دارالحکومت دہلی لوٹ آئے ہیں۔
وزیرِ داخلہ نے منی پور کی صورتِ حال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ مہاراشٹر میں 20 نومبر کو اسمبلی کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے۔
ادھر امپھال وادی کے پانچ اضلاع میں پہلے سے ہی غیر معینہ مدت کا کرفیو نافذ ہے اور انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی گئی ہیں۔
سیکیورٹی فورسز نے متاثرہ علاقوں میں اپنی گشت بڑھا دیا ہے جب کہ جن ارکانِ اسمبلی کے گھروں پر حملے کیے گئے ہیں ان کے لیے اضافی فورسز تعینات کر دی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ بی جے پی ہیڈ کوارٹرز اور سیکریٹریٹ کی جانب جانے والی سڑکوں پر بھی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مرکزی سیکیورٹی فورسز کی ایک ٹیم حالات کاجائزہ لینے اور ریاستی حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے منی پور کا دورہ کرنے والی ہے۔
سول سوسائٹی گروپوں نے دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے لیے انتظامیہ کو 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا ہے۔ ’سینٹرل ریزرو پولیس فورس‘ (سی آر پی ایف) کے ڈائرکٹر جنرل انیش دیال حالات کا جائزہ لینے کے لیے امپھال پہنچ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ 12 نومبر کو جیری بام ضلعے میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مڈبھیڑ میں 10 مشتبہ کوکی عسکریت پسند ہلاک ہوئے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عسکریت پسندوں کے حملے میں ایک سیکیورٹی جوان ہلاک ہوا تھا۔ جیری بام ضلع کی سرحد آسام سے ملی ہوئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق عسکریت پسندوں کی جانب سے ایک مکان کو نذر آتش کر دیا گیا تھا۔ بعد ازاں اس میں سے دو معمر افراد کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔
جیری بام میں ایک پولیس اسٹیشن پر عسکریت پسندوں کی طرف سے دو جانب سے حملے کے بعد یہ مڈبھیڑ ہوئی تھی۔
پولیس اسٹیشن کے پاس بے گھر بار ہوئے افراد کے لیے ایک ریلیف کیمپ قائم ہے۔ ذرائع کے مطابق حملہ آور شاید کیمپ کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔
ایک پولیس اہل کار نے نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کو بتایا کہ حملہ آور ایک آٹو رکشا پر آئے تھے۔ حالیہ مہینوں میں اس پولیس اسٹیشن پر متعدد مرتبہ حملے ہو چکے ہیں۔
انکاونٹر کے بعد سیکیورٹی فورسز نے ہتھیار برآمد کیے تھے جب کہ کوکی سول سوسائٹی نے ان ہلاکتوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اپنے اثر و رسوخ والے علاقوں میں ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال مئی میں میدانی علاقوں میں آباد ہندوؤں کی میتی برادری اور پہاڑوں پر آباد مسیحی کوکی برادری کے درمیان نسلی فساد پھوٹ پڑا تھا۔ جس میں اب تک 200 سے زائد افراد ہلاک اور 60 ہزار سے زائد بے گھر ہو چکے ہیں۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
کراچی میں آپریشن، کالعدم بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کے 5 دہشت گرد گرفتار
17/June/2026 👁️ 74 بار دیکھا گیا
ایران میں حکومتی تبدیلی کی کبھی پروا نہیں کی، امریکی صدر ٹرمپ
17/June/2026 👁️ 88 بار دیکھا گیا
چارسدہ میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، ٹی ٹی پی کے 3 مطلوب دہشت گرد ہلاک
17/June/2026 👁️ 111 بار دیکھا گیا
ماسکو میں روسی آئل ریفائنری کو یوکرینی ڈرون حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی
17/June/2026 👁️ 79 بار دیکھا گیا
پنجاب: اٹک میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک، خودکش جیکٹ برآمد
16/June/2026 👁️ 100 بار دیکھا گیا
اسرائیل نے لبنان پر حملے بند نہ کیے تو سخت جواب دیا جائے گا، ایران
16/June/2026 👁️ 117 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8829 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4562 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3271 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2451 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2094 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ نے پولیس افسر قیصر حسین کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرلی
26/August/2025 👁️ 1898 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C