حافظ سعید کے گھر کے قریب دھماکا، 4 ملزمان کو 9 ،9 مرتبہ سزائے موت کا حکم
👁️ 63 بار دیکھا گیا
حافظ سعید کے گھر کے قریب دھماکا، 4 ملزمان کو 9 ،9 مرتبہ سزائے موت کا حکم
اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ پنجاب کے صوبائی حکومت لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے جوہر ٹاؤن بم دھماکے کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے چار ملزمان کو 9 ،9 مرتبہ سزائے موت کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کوٹ لکھپت جیل میں مقدمے کا فیصلہ سنایا۔
عدالت نے عید گل ،سجاد شاہ، پیٹر پال اور ضیاءاللہ کو 9 ،9 بار سزائے موت کی سزا جبکہ خاتون ملزمہ عائشہ کو پانچ سال قید کی سزا سنا دی۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے سیکیورٹی خدشات کے باعث جیل میں ٹرائل مکمل کیا تھا، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پانچ ملزمان کے خلاف جیل میں مقدمے کی سماعت کی۔
دوران سماعت ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا تھا، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں کل 56 گواہوں نے بیانات ریکارڈ کروائے تھے۔
لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں تئیس جون 2021 کو کالعدم تنظیم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کے مکان کے نزدیک ایک کار بم دھماکا ہوا تھا، جس میں پولیس اہلکار سمیت تین افراد ہلاک اور کم از کم چوبیس افراد زخمی ہو گئے تھے۔
یاد رہے کہ کالعدم تنظیم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید احمد مختلف مقدمات کے تحت جیل میں قید ہیں۔ انھیں گذشتہ برس لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے تین مختلف مقدمات میں گیارہ برس قید کی سزا سنائی تھی۔
حافظ سعید کون ہیں؟
لشکر طیبہ، جماعت الدعوۃ اور مرکز دعوۃ والارشاد کے بانی حافظ محمد سعید نے باقاعدہ تنظیم سازی کا آغاز سن 1986 میں ایک ماہانہ میگزین ‘الدعوۃ’ کی اشاعت سے کیا۔
اسی وقت مرکز دعوۃ والارشاد کی تشکیل بھی عمل میں آئی۔ جیسا کہ نام سے ظاہر ہے کہ اس تنظیم کا کام تبلیغ و فلاح کرنا تھا۔ اس مقصد کے لیے مختلف رسائل اور جرائد کے علاوہ مختلف فلاحی کاموں کا بھی سہارا لیا گیا۔
ان میں سرفہرست تعلیمی اداروں کا قیام تھا۔ مرکز الدعوۃ کے زیراہتمام ملک کے مختلف علاقوں میں مدارس کھولے گئے۔ حافظ سعید نے زیادہ توجہ پنجاب کے دیہات اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر پر مرکوز رکھی۔
حافظ سعید نے اپنی سرگرمیوں کا محور لاہور کے نواح میں واقع قصبے مریدکے میں قائم مرکز دعوۃ والارشاد کو بنایا۔
اس دوران مقبوضہ کشمیر میں ایک نئی علیحدگی پسند تحریک نے جنم لیا۔ اسّی کی دہائی کے ختم ہوتے ہوتے، حافظ سعید نے کشمیر میں جاری تحریک میں باضابطہ طور پر شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کیا اور لشکر طیبہ کے نام سے ایک نئی تنظیم کی بنیاد رکھی۔
دیکھتے ہی دیکھتے حافظ محمد سعید کی تنظیم لشکر طیبہ مقبوضہ کشمیر میں سرگرم عمل عسکری تنظیموں میں ایک مؤثر گروپ کے طور پر سامنے آئی۔ تنظیم کی زیادہ تر رکنیت پاکستانیوں کی تھی۔ یہ سلسلہ دس برس چلتا رہا۔ اس دوران لشکر طیبہ کی عسکری کارروائیاں اتنی زیادہ تعداد میں ہونے لگیں کہ خود حافظ سعید اپنی اصل تنظیم مرکز الدعوۃ کے بجائے لشکر طیبہ کے نام سے پہچانے جانے لگے۔
ان حملوں نے پاکستان اور بھارت میں عسکریت پسندی کی تحریکوں کو جیسے ایک نئے دور میں داخل کر دیا اور کچھ گروہوں کو باضابطہ طور پر دہشت گرد قرار دیا گیا۔ کشمیر کے بارے میں پاکستانی اور بھارتی حکومتوں کے درمیان خاموش معاہدے ہوئے جن کے نتیجے میں کشمیر میں عسکری کارروائیوں کا سلسلہ سرد پڑتا چلا گیا۔
لشکر طیبہ اس وقت ایک نئی صورتحال سے دو چار ہوئی جب نومبر 2001 میں انڈین پارلیمنٹ پر ہونے والے خودکش حملوں کے الزام میں اس پر حکومت پاکستان کی جانب سے پابندی عائد کر دی گئی۔ لیکن چونکہ پابندی کا دائرہ اثر صرف پاکستان کے اندر تھا تو اس سے نمٹنے کے لیے حافظ سعید نے اپنے دیرینہ ساتھی ذکی الرحمٰن لکھوی کو اس تنظیم کا سربراہ مقرر کر کے اس کے دفاتر پاکستان کے زیرانتظام کشمیر منتقل کر دیے اور خود ایک بار پھر مرکز الدعوۃ کے کاموں میں مصروف ہو گئے۔ لیکن اس تنظیم کا نام انہوں نے بدل کر جماعت الدعوۃ رکھ دیا۔
چھبیس نومبر 2008 میں ممبئی میں ہوئے دہشت گرد حملوں کا الزام فوری طور پر حافظ سعید اور ان کی تنظیم پر لگا۔ ان کے قریبی ساتھی اور لشکر طیبہ کے سربراہ ذکی الرحمٰن لکھوی اپنے کئی ساتھیوں سمیت اس حملے میں ملوث ہونے کے الزام کا سامنا کر رہے ہیں۔
حافظ سعید آج بھی ان حملوں سے اعلان لاتعلقی کرتے ہیں، لیکن انڈیا نے حافظ سعید کو عالمی دہشت گرد قرار دلوانے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے بھی رجوع کیا۔ اقوام متحدہ نے ان پر سفری اور مالیاتی پابندیاں بھی عائد کیں۔ انڈیا کے ساتھ ساتھ امریکا ابھی انہیں ان حملوں کا ماسٹر مائنڈ قرار دیتا ہے۔ اسی بنا پر “کافی شواہد” ملنے کے بعد امریکا نے حافظ سعید کے بارے میں گرفتاری اور سزا میں مدد دینے والے کے لیے ایک کروڑ ڈالر انعام کا بھی اعلان کیا۔
2008 میں جب جماعت الدعوة پر پابندی لگائی گئی تو ’فلاح انسانیت‘ نامی تنظیم کی بنیاد رکھی گئی اور یہ دکھایا گیا کہ یہ ایک فلاحی جماعت ہے اس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
اس تنظیم کے تحت ایمبولینس سروس سمیت پاکستان میں سینکڑوں فلاحی منصوبے چل رہے ہیں۔ ملک میں آنے والی قدرتی آفات و حادثات میں یہ تنظیم کافی سرگرم دکھائی دیتی ہے۔
ممبئی حملوں کے بعد سے حافظ سعید کئی بار گرفتار ہوئے یا نظر بند کیے گئے لیکن ہر بار “ناکافی” ثبوتوں کی بنا پر رہا کر دیے گئے۔
پہلی بار انہیں ممبئی حملوں کے چند روز بعد نظر بند کیا گیا اور ان کی تنظیم کو دہشت گرد گروہ قرار دے کر اس کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا۔
شدید بین الاقوامی دباؤ کے بعد پاکستان نے سنہ 2015 کے بعد ان کی تنظیم جماعت الدعوۃ کو ان شدت پسند تنظیموں کی فہرست میں ڈالا جو سرکار کے زیر نگرانی یا واچ لسٹ میں تھے۔
سنہ 2017 میں 31 جنوری کو انہیں لاہور کے جوہر ٹاؤن میں واقع ان کے گھر میں خدشۂ نقصِ امن کے تحت نظربند کیا گیا تھا۔
انہیں 10 ماہ کے بعد نومبر 2017 میں اس وقت رہا کیا گیا تھا جب لاہور ہائی کورٹ نے ان کی نظر بندی میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
مہمند میں پولیس گاڑی پر دہشت گردوں کی فائرنگ، افسر سمیت 2 اہلکار ہلاک
03/July/2026 👁️ 62 بار دیکھا گیا
آبنائے ہرمز میں امریکی مداخلت پر فیصلہ کن اور فوری جواب دینگے، ایرانی فوج
02/July/2026 👁️ 49 بار دیکھا گیا
بنوں میں دہشت گردوں نے گرلز اسکول کو بم سے اڑا دیا
02/July/2026 👁️ 62 بار دیکھا گیا
روس کا یوکرین پر بیلسٹک، کروز میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ، 20 افراد ہلاک
02/July/2026 👁️ 73 بار دیکھا گیا
نوشہرہ: اکوڑہ خٹک میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام، خودکش جیکٹ برآمد
02/July/2026 👁️ 59 بار دیکھا گیا
شام: دمشق میں دھماکا، 7 افراد ہلاک اور 16 زخمی
02/July/2026 👁️ 58 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8883 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4679 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3502 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2505 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2259 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ نے پولیس افسر قیصر حسین کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرلی
26/August/2025 👁️ 1948 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C